|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے پانچ فراریوں سمیت بارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمدکرلیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق بارکھان کے علاقے کڑمی میں ڈوڈا شاہ محمد کے قریب ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم پٹھان بگٹی زخمی ہوا جسے باقی ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ۔گرفتار افراد میں پانچ فراری علی بیگ عرف سندھی ولد پیشی مرہٹہ بگٹی ، نبی بخش ولد پیشی ،محمد بخش ولد پیشی،واحد بخش ولد پیشی شامل ہیں جبکہ چھ افراد غلام نبی ، گزو ، رزاق ، بخشیہ ، گل بخش اورمولا بخش کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ۔ اسلحہ میں ایک راکٹ لانچر ، آٹھ راکٹ گولے ، پانچ راکٹ فیوز،ایک کلاشنکوف بمعہ260کارتوس، دو میگزین ، 2تھری ناٹ تھری رائفلیں بمعہ9کارتوس اور2میگزین،49ایل ایم جی کارتوس اورایک موٹر سائیکل شامل ہیں۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار افراد دہشتگردی، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔