|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو آج جن اہم چیلنجوں کا سامنا ہے ان میں بدعنوانی کا مسئلہ نہایت اہم ہے، بدعنوانی کی عفریت سے نجات پائے بغیر ہم ناتو اقتصادی اہداف حاصل سکتے ہیں اور نہ ہی معاشرے کی اخلاقی بنیادوں کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بد عنوانی ایک ناسور کی طرح اپنی جڑیں ہر طرف پھیلا چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک اور صوبے کی ترقی کے لئے کئے گئے ہمارے کئی عملی اقدامات کے حوصلہ افزاء اور مطلوبہ نتائج بر آمد نہیں ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ قومی مفادات کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دینے کا رحجان معاشرے میں انتشار اور بے چینی پھیلانے کی وجہ بنتا ہے، جس کا ہر صورت تدارک کیا جانا چاہیے، بلوچستان کی موجودہ مخلوط صوبائی حکومت بد عنوانی اور بد انتظامی کے مکمل خاتمہ کے لئے سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انسداد بدعنوانی کی کوششوں اور اقدامات میں صوبائی حکومت، نیب اور دیگر اداروں سے بھرپور تعاون کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ بد عنوانی کے خاتمہ کے لئے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جسکا مقصدمعاشرے میں برائی کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اس بات میں دورائے نہیں ہوسکتیں کہ معاشرے اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے مقصد کا حصول بد عنوانی ختم کئے بغیر ممکن نہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ یہ صرف کسی فرد واحد یا حکومت ہی کا کام نہیں بلکہ اس میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور بد عنوانی کے خلاف جہاد میں ہمارا ساتھ دینا ہو گا، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ انسداد بدعنوانی مہم کو بامعنی اور عوام کے مکمل تعاون سے نتیجہ خیز بنانے کے لیے خاص طور سے ذرائع ابلاغ اور علمائے کرام کا فعال کردار سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔ بالخصوص میڈیا کے ساتھ ساتھ ارباب اختیار کو اپنا کلیدی کردار موثر طریقے سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے کہ قومی احتساب بیورو اور صوبائی ادارہ انسداد بد عنوانی معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے موثر آگاہی مہم کو تسلسل سے برقرار رکھے ہوئے ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، خاص طور پر نوجوان نسل اور طلباء میں بد عنوانی کے رحجان کو ختم کرنے کے لئے ابھی سے شعور اُجاگر کیا جا رہا ہے، تاکہ وہ عملی زندگی کا آغاز بد عنوانی سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کریں، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آج ہم سب کو ملکر اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ نا تو خود بد عنوانی کا حصہ بنیں گے اور نہ ہی کسی کو اس بات کی اجازت دیں گے کہ وہ قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر اپنے ذاتی مفادات حاصل کرے