کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاکہ اس قومی فریضہ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے انکاری والدین کو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلدارز سمیت دیگر عملہ اپنا موثر کردار ادا کریں کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ میں 177 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے گئے جس پر ان کے والدین کوآمادہ کیا جائے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر دی گئی بریفنگ کے دوران کہی اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ، ڈپٹی کمشنر پشین، ڈپٹی کمشنر نو شکی، ڈپٹی کمشنر چاغی ، اسسٹنٹ کمشنر پولٹیکل ،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو،این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر آفتاب کاکڑ، ڈبلیو ایچ او ، یونیسیف کے صوبائی حکام و دیگر نے شرکت کی۔ کمشنرکوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ وہ خود ان اقدامات کی نگرانی کریں گے اور تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے کمشنرکوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے اب محنت دگنی کرنی ہوگی اور جن خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں ٹیموں کی تشکیل اور انکی کارکردگی اور رسائی شامل ہے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی قلعہ عبداللہ اور پشین میں ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنر ز او ر تحصیلدار کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو منانے کیلئے پولیو ورکرز کی مدد کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کوئٹہ ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے ضلعی حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام والدین کو منانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں ، تمام ضلعی افسران کو لسٹ اور تفصیلات جاری کردی گئی ہیں اور اس ضمن میں فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے رہ نہیں جانا چاہیئے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے سربراہ سید فیصل احمد نے ہائی رسک ایریا خصوصا ہائی رسک علاقے قلعہ عبداللہ میں رواں ماہ ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو کو مہم مزید بہتر انداز میں منعقد کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور تنبیہ کی ہے کہ اس ضمن ضلعی انتظامیہ ، محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی جانب کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس بیماری کو ختم کرنا اب ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے اس سے قبل جو کچھ ہوا ہے وہ اب ماضی کا حصہ ہے لیکن اب اس میں غفلت اور غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ بچوں کو پولیوس سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے والدین ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں جس کا تدارک انتہائی ضروری ہے ، کوئٹہ بلاک جو کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ اضلاع پر مشتمل ہے کوئٹہ ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے ضلع افسران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہر بچہ کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے اقدامات کریں گے اور اس ضمن میں وہ پہلے ہی ایک لسٹ مرتب کرچکے ہیں۔