: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی عدلیہ کی آزادی اور بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے جبکہ گڈ گورننس، میرٹ، شفافیت ہماری پالیسیوں کا حصہ ہے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ صحت میں 34اعلیٰ افسران کو نان کیڈر کی پوسٹوں سے ہٹا دیا گیا ہے، میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں انتظامی پوسٹوں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز، ای پی آئی، ایم این سی ایچ، ملیریا اور ٹی بی کنٹرول پروگرام کے منیجرز کو بھی ہٹا کر کیڈر سے تعلق رکھنے والے محکمہ صحت کے افسران کو تعینات کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے محکمہ صحت میں انتظامی پوسٹوں پر اسی شعبے سے تعلق رکھنے والے افسران کو تعینات کیا گیا ہے، محکمہ صحت کو تعیناتی کا مسئلہ درپیش تھا موجودہ حکومت کے قیام کے ساتھ ہی مذکورہ مسئلہ پر بھرپور توجہ دی جا رہی تھی ، اس ضمن میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اس مسئلے کے حل میں تیزی لائی گئی ، انہوں نے کہا کہ نان کیڈر اور کیڈر پوسٹوں کے مسئلے کے حل سے حقدار افسران کو نہ صرف ان کا جائز حق ملے گا بلکہ محکمہ صحت کی کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں افسران کو ان کی اہلیت ، قابلیت اور جس شعبے سے ان کا تعلق ہوگا اسے وہاں ہی تعینات کیا جائیگا، میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی شروع دن سے حق و انصاف کی سربلندی، جبر و ظلم و نا انصافی کے خلاف لڑائی اور عوام کو خوشحالی کے لیے جدوجہد میں برسرپیکار رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ خوشحال اور صحت مند بلوچستان ہی ہمارا مشن ہے۔