کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے اپنے ایک بیان میں فیڈرل لیویز کی پوسٹوں پر حکمرانوں کے من پسند افراد کی تعیناتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام میرٹ کے برعکس ہے صوبے میں خالی35ہزار سے زائد آسامیوں کو پر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تمام پوسٹوں پر میرٹ پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ بلوچستان کے باصلاحیت ، مستحق نوجوان کو روزگار مل سکے اور ان کی حق تلفی نہ ہو انصاف پر مبنی اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ مرکزی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا بیورو کریسی ان پوسٹوں پر اپنے مرضی سے بھرتیاں کر رہے ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے ہی نہیں آج بلوچستان کے نوجوان بے روزگاری ، کسمپرسی ، معاشی تنگ دستی ، بدحالی کاشکار ہیں جبکہ بلوچستان میں زرعی شعبہ تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے بلوچستان میں صنعتیں نہیں ہیں مالداری کے شعبے سے وابستہ افراد بھی نان شبینہ کے محتاج ہیں بلوچستان باوسائل سرزمین ہے مگر اس کے باسی آج بھی بیروزگاری ، غربت ، افلاس سے دوچار ہیں ۔