|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2016

گوادر: پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت گوادر پورٹ اور اس سے ملحقہ سمندری راستوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی خصوصی ’’ٹاسک فورس ایٹی ایٹ ‘‘ تشکیل دے دی گئی ہے جب کہ چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے ٹاسک فورس کے قیام کا افتتاح کیا جن کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ گوادرپورٹ کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ گوادر میں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں پاک بحریہ کی خصوصی ’’ٹاسک فورس ایٹی ایٹ‘‘ کو باضابطہ طور پر گوادر کی بندرگاہ اور اطراف کے سمندری راستوں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی۔ تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی جنرل زبیر حیات اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے شرکت کی۔ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کو بھی شرکت کرنا تھی تاہم دھند کی وجہ سے ان کی آمد ممکن نہ ہوسکی۔ پاک بحریہ کے مطابق ٹاسک فورس 88 اور اقتصادی راہداری اسپیشل سیکورٹی ڈویژن مشترکہ طور پر سیکورٹی کے فرائض انجام دے گی۔ ٹاسک فورس 88 پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی حفاظت کے لیے قائم خصوصی سیکیورٹی ڈویژن کے ہمراہ گوادر کی بندرگاہ اور اطراف کے سمندری راستوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے گی۔ ٹاسک فورس ایٹی ایٹ بغیر پائلٹ جاسوس اور جنگی طیاروں، جدید ہتھیاروں، فریگیٹس، فاسٹ اٹیک کرافٹس اور نگرانی کے جدید ترین آلات سے لیس ہوگی۔ اس کے علاوہ بحری راہداری میں پاک بحریہ کے میرینز تعینات ہوں گے۔ واضح رہے کہ سی پیک کے زمینی روٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن تشکیل دی گئی ہے۔