|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کا درد آج بھی قوم کے دلوں میں موجود ہے اس عظیم قومی سانحہ نے صرف ماؤں سے ان کے بچے ہی نہیں چھینے بلکہ پاکستانی قوم کو ایسا زخم دیا جو شاید ہی کبھی بھر پائے تاہم پوری قوم نے یکجا ہوکر دہشتگردی کے خاتمے کے جس عزم کا اظہار کیا اور پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کیں وہ ایک تاریخی حقیقت ہے جس نے ثابت کردیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ہماری بہادر فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ۔ سانحہ اے پی ایس کے دوسال پورے ہونے پر جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اب پاکستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں اور نہ ہی انہیں کہیں چھپنے یا پناہ لینے دی جائے گی۔ پاک فوج اور سیکورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دے کر دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے اور وطن عزیز کو اندرونی اور بیرونی طور پر درپیش دہشتگردی کے چیلنجز سے کامیابی سے نمٹا جارہا ہے۔ اس حوالے سے پوری قوم تمام سیاسی جماعتیں اور سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہیں یہی وجہ ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جارہی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی ان کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں جہنم واصل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے سانحۂ اے پی ایس کے شہید بچوں کے والدین اور لواحقین سے اپنی اور صوبے کے عوام کی جانب سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے عزم اور حوصلے بلند رکھے۔