|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2016

تربت: یونیورسٹی آف تربت کے گوادر میں قائم گوادر کیمپس کی انتظامیہ کاپہلا باقاعدہ اجلاس گوادر کیمپس کے آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔اجلاس میں گوادر کیمپس کے انتظامی امور سمیت اکیڈمک اور دیگر معاملات زیر غور آئے۔اجلاس میں وائس چانسلر کے علاوہ گوادر کیمپس کے کوآرڈینیٹراعجاز احمد بلوچ،ڈپٹی کنٹرولر امتحانات چاکر حیدر اور ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس رحمت بلوچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں گوادر کیمپس کے تعلیمی و تدریسی انتظامات سمیت مالی معاملات، سمسٹرسسٹم ،داخلوں اور انٹری ٹیسٹ کے علاوہ دیگر انتظامی امور سے متعلق ہونے والی پیشرفت پرغور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرنے اعلیٰ سطح پر یونیورسٹی آف گوادر اور تربت یونیورسٹی گوادرکیمپس کے بارے ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور چانسلر آفس کی سرپرستی اور رہنمائی میں گوادر کیمپس اور گوادر میں بین الاقوامی معیار کے یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔اور گوادر کیمپس کا آغاز ہوچکا ہے اور اگلے سال جنوری سے چارمضامین میں تدریسی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔وائس چانسلر نے اجلاس کو بتایاکہ ایچ ای سی کے زیر اہتمام آل پاکستان وائس چانسلر فورم کا اجلاس بہت جلد گوادر میں منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کی تمام یونیورسیٹیوں کے وائس چانسلرز کے علاوہ ماہرتعلیم اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔اس سے پہلے گوادر کیمپس کے کوارڈی نیٹر اعجاز احمد نے گوادر کیمپس میں داخلوں کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ گوادر کیمپس کے لئے دیگر مطلوبہ سہولیات کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس رحمت بلوچ اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات چاکر حیدر نے متعلقہ شعبوں کے حولے کئے گئے انتظامات کے بارے میں اجلاس کو بریف کیا۔وائس چانسلر نے گوادر کیمپس میں تدریسی عمل شروع کرنے کے لئے وقت پر انتظامات مکمل کرنے پر اپنے رفقائے کار کی کارکردگی اور صلاحیتوں پرا طمینان کا اظہار کیا۔