|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں جعلی نوٹ کا کاروبار کرنے والے گروہ کا کارندہ پکڑا گیا۔ لاکھوں روپے کے اعلیٰ کوالٹی کے جعلی پاکستانی اور غیرملکی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان اسلم کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے خفیہ اطلاع پر جعلی کرنسی کا دھندا کرنے والے گروہ کے ایک کارندے کو کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزم علی رضا کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی پاکستانی اور امریکی کرنسی برآمد کی گئی۔ برآمد ہونیوالے پانچ پانچ ہزار اور ہزار ہزار روپے کے جعلی پاکستانی اور سو ،سوڈالر کے امریکی نوٹ بہترین کوالٹی کے ہیں جو جعلی نوٹ جانچنے والی مشین سے بھی نہیں پکڑے جاسکتے۔ ملزم ہزار روپے کا ایک جعلی نوٹ مارکیٹ میں پانچ سو روپے میں فروخت کرتا تھا۔ گروہ کے باقی کارندوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق بہترین کوالٹی کے جعلی نوٹ افغانستان اور بھارت میں پرنٹ کرکے پاکستان لائے جاتے ہیں۔