|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2016

کوئٹہ: ایرانی بارڈر فورس نے ایک ہفتے میں دوسری بار سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں تین مارٹر گولے داغے۔ ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا۔ لیویز حکام کے مطابق ایرانی بارڈر فورس کی جانب سے یکے بعد دیگرے داغے گئے تین مارٹر گولے پاکستانی حدود کے کئی کلومیٹر اندر ضلع پنجگور کے سرحدی علاقے چیدگی میں گرے۔ مارٹر گولے زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مارٹر گولے کے ٹکڑے لگنے سے پاکستانی شہری محمد عمر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا ہے۔ تین روز قبل بھی ایرانی بارڈر فورس نے پنجگور کے علاقے پروم میں نو مارٹر گولے داغے تھے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی باشندہ جاں بحق اور دو زخمی ہوئے تھے۔ پاکستانی حکام نے سرحدی خلاف ورزی کے واقعات پر ایرانی حکام سے احتجاج کرتے ہوئے شکایتی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرحدی خلاف ورزی کا معاملہ پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کے اجلاس میں اٹھایا جائیگا۔