اسلام آباد+کوئٹہ: نیب بلوچستان میگا کرپشن کیس کے اہم ملزمان سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی اور سہیل مجید شاہ کی پلی بارگین کی درخواستیں منظور کر لی۔ نیب حکام کے مطابق سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید شاہ نے نیب کو پلی بارگین کی درخواستیں دی تھیں ، جس کی آج اسلام آباد میں چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب اگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں منظوری دی گئی۔ نیب کے مطابق ملزمان نے اعتراف جرم کر لیا اور وہ دو ارب روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا نے پر تیا ہو گئے ہیں۔بلوچستان میگا کرپشن کیس میں 2 ارب 25کروڑ روپے کی رقم ریلیزہوئی تھی جس میں دو ارب روپے سے زائد روپے کرپشن کی نذر ہوگئے تھے۔نیب بلوچستان نے اس کیس کی تحقیقات مکمل کرلی تھی۔ ملزمان اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ یاد رہے کہ مئی میں سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے گھر سے نیب نے 65کروڑ روپے برآمد کئے تھے ۔نیب نے ملزمان کاایک ارب روپے کے اثاثوں کا سراغ بھی لگایا تھا۔نیب حکام کے مطابق بلوچستان میگا کرپشن کیس کی وصول ہو نے والی تمام رقم حکو مت بلوچستان کے حوالے کر دی جائے گی،تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی کے مبینہ الزامات پردو رینٹل پاورمقدمات میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف بدعنوانی کے دوریفرنس دائر کرنے، پیپرا رولز کی خلاف ورزی اور میسرز پروگیس کے تفصیلی مالی و فنی تجزیہ کے بغیر اثاثوں کی خریداری میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے مبینہ الزامات پرسابق منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی لیمیٹیڈعظیم اقبال صدیقی ، فنڈز میں خردبرد کے مبینہ الزام پر وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان ڈاکٹر احسان علی کے خلاف تحقیقات ، نیشنل بنک آف پاکستان کے افسران و اہلکاروں کے خلاف چار انکوائریوں،سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی اور وزیر اعلی کے مشیر برائے خزانہ خالد لانگو کے فرنٹ مین ٹھیکیدار سہیل مجید شاہ کی 2ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور اورعدم ثبوت کی بناء پر رکن قومی اسمبلی سندھ میرمنور علی تالپور،سابق وزیرتعلیم خیبرپختونخوا سردار حسین بابک اور وزارت ریلوے کے افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائریاں بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ،میسرز ریشما پاور جنریشن پرائیویٹ لیمیٹیڈاور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ملزمان پراختیارات کے ناجائز استعمال اور وزارت پانی وبجلی کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کو حقائق سے لا علم رکھنے کا الزام ہے۔جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ،میسرز گلف رینٹل پاوراور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اورناردرن گیس پائپ لائنز کی منظوری کے بغیرٹھیکے دینے کا الزام ہے۔