|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2016

میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدہ کا چارج سنبھال لیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جگہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا عہدہ سنبھالا ہے۔ آئی ایس پی آر کے سبکدوش ہونے والے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر الوداعی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بھرپور تعاون پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور میجر جنرل آصف غفور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنی موجودگی ظاہر کرتے ہوئے فیس بک اور ٹوئیٹر سے اپنے نئے اکاؤنٹس کے ذریعے پیغامات جاری کیے۔ اپنے پیغام میں میجر جنرل آصف غفور نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے طور پر عہدہ سنبھالنے کا اعلان کیا اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا ان کی خدمات پر شکریہ بھی ادا کیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے ‘پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد’ کے نعرے بھی لگائے۔ واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور کو رواں ماہ کے آغاز میں ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کی گیا تھا اور اس سے قبل وہ سوات میں ایک ڈویژن کی کمانڈ کررہے تھے۔ میجر جنرل غفور آرٹیلری رجمنٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں آپریشنر کا وسیع تجربہ حاصل ہے جبکہ وہ آپریشن المیزان میں ایک یونٹ کی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔ وہ ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ قومی ایکشن پلان (نیپ) کی تکمیل میں بھی شامل رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ جو ڈی جی آئی ایس پی آر تھے، انہیں ترقی دے کر جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف آرمز تعینات کیا گیا ہے۔