کوئٹہ: صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جتنی خرابیاں آنی تھیں ، آگئیں۔ اب سب کچھ اچھا ہوگا۔ سی پیک کی بدولت بلوچستان اور پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔سی پیک کے روٹ میں ایک انچ کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ صدرمملکت نے یہ بات کوئٹہ میں یوم قائد کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدرممنون حسین کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بلوچستان کے لوگوں سے بہت انس اور محبت تھی۔ انہوں نے بلوچستان کو ایک ہیرے کی مانند قرار دیا تھا۔ قائداعظم کی بلوچستان سے متعلق بصیرت اور دور اندیشی حیرت انگیز تھی۔ آج ان کی پیشنگوئی درست ثابت ہورہی ہے۔ صدرمملکت کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بلوچستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ سی پیک کے روٹ میں ایک انچ کی تبدیلی بھی نہیں کی گئی۔ اقتصادی راہداری کے حوالے سے بلوچستان اور ملک کے مفادات کا تحفظ کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری کے ثمرات سے مستفید ہونے کیلئے ملک اور خاص طور پر بلوچستان کے نوجوان خودکو تیار رکھیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان انیس سو ستر کی دہائی تک صحیح انداز سے پیشرفت تھی لیکن اس کے بعد کچھ ایسے واقعات ہوئے جس سے پاکستان اپنی ڈگر سے ہٹ گیا ۔پاکستان کی ترقی میں بھی رکاوٹ آئیں ور بہت ساری خرابیاں پیدا ہوئیں۔ کرپشن اور بد عنوانی نے جڑیں پکڑیں اور اسی وجہ سے بہت ساری خرابیاں پاکستان میں آئیں۔ نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک عظیم الشان ملک ہے،کبھی مایوس مت ہوں ۔میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ پاکستان میں جتنی خرابیاں آنی تھیں وہ اآگئیں۔ اب پاکستان میں اچھا ہونا ہے۔ ہم سب ملکر پاکستان کو اچھا کریں گے۔ بلوچستان میں بھی بہت خرابیاں آئیں۔ گڑبڑہوا، امن وامان کی صورتحال خراب ہوئی۔ لیکن اللہ کا شکر ہے اب بہترہی آڑہی ہے ، بہت سے وہ لوگ جو غلط فہمی میں مبتلا ہوئے وہ بھی واپس صحیح راستے پرآرہے ہیں۔ بلوچستان اچھی جانب بڑھ رہا ہے ۔قائداعظم نے جو پیشگوئی کی تھی کہ بلوچستان ایک ہیرا ہے،آج وہ وقت آگیا۔ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ گوادر پورٹ بہت گہری بندرگاہ ہے جو فعال ہوچکی ہے۔سی پیک کے منصوبے کی بنیاد پر پاکستان اس خطے کا سب سے اہم ملک ہوگا۔ بلوچستان کی عوام اور نوجوان خاص طور پر اپنے کو تیار کریں۔ والدین بچیوں کی تعلیم پر خاص طور پر توجہ دیں۔ جب ہماری بچیاں ورک فورس کا حصہ بنیں گی اور اپنا کردار اد اکریں گی تو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر بڑھے گا۔خواتین ہماری آبادی کا پچاس فیصد حصہ ہے۔ یہ ضروری ہے کہ پچاس فیصد حصہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔وزارت تعلیم کو تجویز دی ہے کہ پوری پرائمری ایجوکیشن خواتین کے سپرد کریں۔ وہ تجویز پر غور کررہے ہیں امید ہے آئندہ چند سالوں میں ایسا ہوجائیگا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا مستقبل بڑا تابناک ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی تعلیم کے شعبے میں بلوچستان کے نوجوان اپنی استعداد کو بڑھائے۔ پاکستان کو اس کی ضرورت ہے۔ یقین ہے کہ پاکستان کے نوجوان اپنے اآپ کو مستقبل کیلئے تیار کریں گے۔ دوسرے ممالک بھی سی پیک منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔علاوہ ازیں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یوم قائد کے حوالے سے تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے کرپشن ایک ناسور ہے جس نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، جو لوگ لوٹ مار کر کے گھروں میں بیٹھ گئے ہیں وہ اللہ کی پکڑ میں آئینگے ۔ کرپشن کے خلاف جہاد کو اپنا ایمان سمجھتا ہوں۔کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب کو اپنی کار کردگی بہتر بنا نا ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حکومتی وزراء نیب کے پلی بارگین کے قانون میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ نیب کو بہتر بنا نے کیلئے جو بھی اچھی تبدیلیاں ہوں وہ لانی چاہیئے ۔ صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکموت کی کارکردگی بہت اچھی ہے ۔ملک کی معاشی بہتری کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جارہا ہے ۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے زخائر چوبیس ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں ، موجودہ حکومت نے اپنے دور میں پندرہ ارب ڈالر کے قرضے لئے جس میں سے دس ارب واپس کر دیئے گئے ۔نیشنل ایکشن پلان سے متعلق صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکش پلان کی وجہ سے ملک میں کافی حد تک حالات بہتر ہوئے ہیں ، دل خراش واقعات صرف بلوچستان ہی نہیں بلکہ چاروں صوبوں میں ہوئے ہیں ، تاہم اب حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں ۔صدر کا کہنا تھا دہشت گردی کا شکار صرف پاکستان نہیں ہے بلکہ پوری دنیا دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ۔