|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2016

لاس اینجلس: سابق امریکی ملکہ حسن جنیفر سوزین کلائن کو منیسوٹا پولیس نے سپر اسٹور کو دھوکا دینے اور ہزاروں ڈالر کا نقصان پہنچانے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔ 50 سالہ جنیفر 1988 میں مسز منیسوٹا اور مسز امریکا پیجیئنٹ رہ چکی ہیں جبکہ چند روز پہلے انہیں ایک مقامی سپر اسٹور کو دھوکا دے کر 5000 ڈالر نقصان پہنچانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے منیسوٹا کے میکیز اسٹور سے ہزاروں ڈالر کے ڈیزائنر کپڑے خریدے لیکن ہفتے بھر بعد ہی اسٹور کی دو الگ الگ شاخوں میں ایک ہی لباس واپس کیا اور مجموعی طور پر 5500 ڈالر کی رقم لے لی۔ بعد میں جب اسٹور ملازمین پر انکشاف ہوا کہ جنیفر کے لوٹائے ہوئے لباس نہ صرف جعلی تھے بلکہ استعمال شدہ اور خراب حالت میں تھے تو انہوں نے فوری طور پر پولیس کو خبر کردی۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منیسوٹا پولیس نے جب جنیفر کے گھر کی تلاشی لی تو وہاں سے خریدے گئے اصلی ڈیزائنر لباس کے علاوہ دوسرے کئی قیمتی لباس بھی برآمد ہوئے جن کی نقول واپس کرکے اسٹور سے رقم اینٹھی گئی تھی؛ جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ امریکہ میں یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی ملکہ حسن اور ایسے دوسرے اعزازات رکھنے والی مشہور خواتین سپر اسٹورز سے قیمتی اشیاء چرانے کی مرتکب پائی جاچکی ہیں۔