کوئٹہ : مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سیاسی حریفوں کے غیر جمہوری رویے اور منفی ہتھکنڈے مسلم لیگ (ن) کی ملک گیر مقبولیت کو متاثر نہیں کر سکتے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی تحمل مزاجی ، بردباری ، برداشت اور اصولوں پر مبنی سیاست سے مسلم لیگ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے، بلوچستان میں بھی وزیراعظم کے ترقیاتی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے ترقیاتی عمل مزید تیز کر کے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، صوبائی مشیر محمد خان لہڑی، ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ، صوبائی کوآرڈینیٹرز آغا نواب شاہ، علاؤ الدین کاکڑ، ظاہر خان کاکڑ، جمال شاہ کاکڑ اور دیگر عہدیداران نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کوئٹہ میں مسلم لیگ ورکرز کا صوبائی کنونشن منعقد کیا جائے جس کے لیے فوری طور پر تیاری کا آغاز کر دیا جائے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کو صوبے میں مزید منظم ، فعال اور متحرک بنایا جائیگا تاکہ پارٹی 2018 کے عام انتخابات میں بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کرے، انہوں نے صوبائی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ رابطوں کو مزید مربوط بنایا جائے ، کارکن پارٹی کی اساس ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، کارکن پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور ضلعی سطح پر پارٹی کی مقبولیت اور فعالیت میں اپنا کردار ادا کریں ۔