|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے کونسلر اتحاد کے تحفظات اور شکایات کا جائزہ لینے کیلئے ایک بااختیار کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے ۔ کمیٹی کونسلر اتحاد اور مےئر کوئٹہ کے ساتھ ملاقات کرکے دونوں فریقین کا موقف سنے گی اور ان مسائل کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ کو اپنی تجاویز پیش کرے گی ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل، رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود خان اور وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل ایڈوائزر جمال شاہ کاکڑکو کمیٹی کیلئے نامزد کیا جبکہ کمیٹی کے مزید تین ممبران کا نام صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال دیں گے۔ اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کونسلر اتحاد کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل، رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود خان،جمال شاہ کاکڑ اور ڈپٹی مےئر محمد یونس بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال اور مےئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ بھی ملاقات میں شامل ہوگئے۔ کونسلر اتحاد کے وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو فنڈز کی تقسیم ، اختیارات اور دیگر امور کے حوالے اپنے تحفظات اور شکایات کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا ۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا ہم ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہوکر قومی سطح کی سیاست کرتے ہیں صوبے میں بسنے والی تمام اقوام اور قبائل ہمارے کیلئے محترم ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس طرح صوبائی سطح پر مخلوط حکومت قائم ہے اسی طرح حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں میٹروپولیٹن کارپوریشن کا بھی حصہ ہیں لہذا ہمیں صوبے کی روایات اور سیاسی و جمہوری اقدار کے تحت تحمل اور برداشت کی سیاست کو پروان چڑھانا ہے تاکہ کوئٹہ شہر کی ترقی کے اہداف حاصل ہوسکیں۔ ہم سب کا مقصد کوئٹہ شہر کی بہتری اور شہریوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی ہے اس مقصد کے حصول کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے وسیع ترمفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گااور کسی کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دی جائے گی انہوں نے وفد کی جانب سے کارپوریشن کے ترقیاتی فنڈز کی یکساں اور برابری کی بنیاد پر تقسیم سے اتفاق کیا تاکہ کونسلرز اپنے اپنے حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ترقیاتی منصوبے بنا سکیں۔وزیراعلیٰ نے کوئٹہ کو ایک مثالی شہر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن سے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ وفد کی جانب سے کوئٹہ شہر کی صفائی اور جدید مشینری خریدنے کیلئے خطیر فنڈز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل اور موقف توجہ سے سننے اور ان کے حل کیلئے کمیٹی کی تشکیل پروزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیاگیا ۔