زیارت: ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندو خیل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایریڈیکشن پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ڈی ایچ او زیارت ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے انسداد پولیو مہم کے با رے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع زیارت میں انسداد پولیو مہم 16جنوری کو شروع ہوگی اور 19 جنوری تک جاری رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2017ء پولیو کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا،پولیو کے خاتمے کے لیے علماء ،سول سوسائٹی ،میڈیا اور تمام مکاتب فکر کے افراد کو ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا،پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے بارے میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے سخت ہدایات اور احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحت مندمعاشرے کا قیام پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا۔بلوچستان میں پولیو وائرس سے نمٹنا ایک چیلنج ہے ،جس سے نمٹنے کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے،ڈپٹی کمشنر سبی سیف اللہ کھیتران نے کہا ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ میں والدین اپنے پھول جیسے بچوں کی حفاظت کیلئے حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنے پھول جیسے معصوم بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلاوائیں۔ علماء کرام، میڈیا ، سول سوسائٹی کے کارکن محکمہ صحت کے عملے سے تعاون کریں۔ قومی انسداد پولیومہم میں کسی قسم کی غفلت ولاپرواہی برادشت نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میں قومی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سبی عظیم انجم ہانبھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سبی میر رحمت اللہ گشکوری ، ایس ایس پی سبی سردار محمد حسن موسیٰ خیل ، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سبی ڈاکٹر نذیر احمد خواجہ خیل ڈی ایچ او سبی ڈاکٹر منظور حسین بلوچ ، الحاجی صوفی سلیمان نقشبندی ، صاحبزادہ سعد اللہ خان باروزئی۔ آل پاکستان جرنلسٹس کونسل(ر) کے مرکزی جزل سیکرٹری سید طاہر علی سمیت تمام محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت الحاج صوفی سلیمان نقشبندی نے حاصل کی ،ڈپٹی کمشنر نصیر آباد نصیر احمد ناصر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی صحت اور ان کے بچوں کی زندگی کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک کارآمد شہری بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ اس لئے محکمہ صحت کے آفیسران ا اہلکاران کو چاہئے کہ ہر اس بچے تک پہنچیں جس کو ولیو کے قطرے پلوانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے تعاون اور محکمہ صحت کے آفیسران و اہلکاران کی شب و روز کی محنت سے اپنے ملک اور صوبے سے پولیو کے خاتمہ کے قریب ہیں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ملک کو پولیو سے پاک کرنے میں اپنے حصے کا کردار ادا کریں گے۔ قبل ازیں ڈی ایچ او نصیر آباد ڈاکٹر احسان علی نے 16جنوری سے شروع ہونے والی تین روز پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کو بتایاکہ پانچ سال سے کم عمر کے 136474 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کیلئے335 مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 154 فیمیل ٹیمیں بھی شامل ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں گی۔ اس کے علاوہ 28ٹرانزٹ پوائنٹس 35فیکس سینٹر 21ای پی آئی فنکشن سینٹروں اور33گورنمنٹ ہیلتھ کلینکوں پر بھی پولیو کے قطرے پلوانے کی سہولتیں میسر ہوں گی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیر آباد نے ڈی ایس ایمز کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ایچ یوز میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران کو بھی ہدایت کی کہ ان کا ادارہ پولیو مہم میں اہم کردار کا حامل ہے لہذا وہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کے عملہ سے بھرپور تعاون کریں، ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچستان کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر داکٹر شیردل بلوچ، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ڈاکٹر عبداللطیف دشتی، ضلعی رابطہ آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ سمیت دیگر ضلعی آفیسران وغیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ نے ڈپٹی کمشنر گوادر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے ملک کی طرح گوادر میں بھی پولیو مہم کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 16جنوری 2017ء سے شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم کے لئے ضلع گوادر میں 44671 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے 126ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن پلائیں گی۔ اس کے علاوہ 25فکس سینٹر اور 8ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کا خاتمہ صحتمند معاشرے کے لئے ناگزیر ہے۔پولیو کے خاتمے کے لئے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا جڑ سے خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پھول جیسے بچوں کو پولیس سے بچاؤ کے قطرے پلواکر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔