|

وقتِ اشاعت :   January 10 – 2017

تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ،صوبائی حکومت کے سابق ترجمان میر جان محمد بلیدی ،نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سابق اسپیکر کہدہ محمداکرم دشتی ، مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدا حسین دشتی ،مرکزی رہنما قاضی غلام رسول بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن بلوچ ، سابق وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری چیئرمین حلیم بلوچ ،مشکورانور ،محمد طاہر بلوچ اورمحمد جان دشتی نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی ایک واضح منشور اور وژن کے تحت جدوجہد کررہی ہے اس لئے تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود پارٹی ورکرز پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں بلوچ اور بلوچستان کے مجموعی قومی مفادات پر نہ پہلے کسی قسم کی مصلحت پسندی کے شکار ہوئے اور نہ ہی آئندہ اس حوالے سے پارٹی کو ئی لچک دکھائے گی مردم شماری ،سی پیک ،ساحل و وسائل پر پارٹی کی پالیسیاں واضح اور بلوچ قوم کی امنگوں کے مطابق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو نے نیشنل پارٹی تحصیل تمپ کے تحصیل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نیشنل پارٹی تحصیل کونسل کے ارکان نے بھر پور شرکت کی اجلاس میں سیاسی و تنظیمی امور پر غور وخوض کیا گیا اور تحصیل کابینہ کے عہدیداروں اور تحصیل کونسل کے ارکان کا چناؤ کیا گیا نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ساحل و وسائل اور بلوچ مفادات کا ہرممکن تحفظ کیا ہے اور کریگی نیشنل پارٹی بلوچ قومی حقوق کا سودا کیا ہے نہ کریگی اور نہ ہی کسی کو کرنے دیگی یہ نیشنل پارٹی ہی ہے جس نے گوادر کو بچایا ، ریکوڈک سمیت دیگر قومی وسائل کا دفاع کیا نوجوانوں کو تعلیم سے جوڑنے کیلئے تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے تربت یونیورسٹی ،گوادر میں یونیورسٹی کا سب کیمپس ،مکران میڈیکل کالج کی بنیاد رکھی نوجوانوں میں مقابلہ کی فضاء پیدا کرنے اورقابلیت کی حوصلہ افزائی کیلئے پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات اور این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوں کا نظام رائج کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارتی سی پیک اور مردم شماری جیسے معاملات پر بلوچ عوام کی ترجمانی اورانکے حقوق کا دفاع کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی جدوجہد ایک کھلی کتاب کی مانند ہے نیشنل پارٹی نے بلو چ قومی تحریک کی آبیاری میں بڑی قربانیاں دی ہیں تب جاکرآج نیشنل پارٹی نمائندہ قومی جماعت کا روپ دھارچکی ہے پورے صوبے میں نیشنل پارٹی ایک مضبوط سیاسی قوت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کو آج اندرونی و بیرونی چیلنجز ،خطرات کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط سیاسی قوت اورسیاسی بصیرت ضروری ہے اجلاس میں تنظیمی امور پر تحصیل کونسل ارکان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پارٹی کو تحصیل تمپ میں مزید فعال و متحرک بنانے کے حوالے سے تجاویزو مشورے دیئے۔