کراچی: گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے‘ نماز جنازہ اور تدفین آج(جمعرات کو ) کراچی میں ہوگی صدر ممنون حسین‘ وزیراعظم محمد نواز شریف ‘ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ‘ سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائر سعید الزمان صدیقی بدھ کے روز گورنر ہاؤس میں موجود تھے کہ انہیں سینے کی تکلیف کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا اور آئی سی یو میں لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے سعید الزمان صدیقی نے 11 نومبر 2016 ء کو 31 ویں گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا اور دوسرے ہی روز انہیں سینے کی تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا وہ 15 دسمبر تک ہسپتال مین زیر علاج رہے جس کے بعد گورنر ہاؤس میں ہی ان کیلئے مکمل سہولیات فراہم کی گئیں اپنے دو ماہ کے عہدے کے دوران سعید الزمان صدیقی کسی بھی سرکاری تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ صرف چند ملاقاتیں کیں سعید الزمان صدیقی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور پھر چیف جسٹس آف پاکستان رہے انہوں نے پی سی او کے تحت حلف لینے سے انکار کیا تھا گورنر سندھ کے انتقال پر صدر مملکت ممنون حسین ‘ وزیراعظم محمد نواز شریف ‘ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ‘ گورنر و وزیراعلیٰ پنجاب ‘ سابق صدر آصف علی زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر راہنماؤں سمیت سیاسی و عسکری قیادت اور سماجی شخصیات نے سعید الزمان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔