کراچی: شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم مزید سرد اور خوشگوار بنادیا ہے۔ جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، سولجر بازار، کلفٹن، ڈیفنس ، محمود آباد، منظور کالونی، شیر شاہ ، بلدیہ ٹاؤن اور شارع فیصل سے ملحقہ علاقے شامل ہیں۔ دوسری جانب سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے درجنوں موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے ہیں تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب بارش کی چند بوندوں کے ساتھ ہی درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں جس کی وجہ سے شہر کا بیشتر علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارے کا عملہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں مصروف عمل ہے تاہم فنی خرابیوں کو جلد ہی دور کرلیا جائے گا۔
ملک بھر میں ہونے والی بارشوں اور برفباری سے شدید سردی نے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے تاہم کراچی اور بلوچستان کے عوام تاحال بارشوں کے منتظر ہیں خشک موسم کے باعث مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج سے ایران سے داخل ہونے والی ہواؤں اور بارشوں کے باعث موسم مزید سرد ہوجائےگا۔ بارشوں کا سلسلہ اتوار کے روز تک جاری رہے گا۔
کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، موسم خوشگوار
وقتِ اشاعت : January 13 – 2017