|

وقتِ اشاعت :   January 16 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ میں آدھے گھنٹے کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں پولیس کے دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ ساڑھے سات بجے جائنٹ روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے حوالدار نوید شہزاد ولد نذیر احمد جٹ اور چند منٹ کے وقفے کے بعد کچھ ہی فاصلے پر اسپنی روڈ پر کلی دیبہ کے قریب ٹریفک پولیس کے حوالدار الطاف حسین ولد محمد حسین ملغانی کو نشانہ بنا۔ حوالدار نوید شہزاد سر اور گردن پر گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ حوالدار الطاف حسین کو ایک گولی سر پر لگی اور وہ سول اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ دونوں اہلکار ڈیوٹی کے بعد گھر جارہے تھے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ اہلکاروں کی لاشیں سول اسپتال کوئٹہ پہنچادی گئیں۔ الطاف حسین کلی دیبہ کا رہائشی اور مستقل باشندہ ڈیرہ غازی خان پنجاب کا تھا جبکہ تین بیٹیوں کا باپ کانسٹیبل نوید بروری روڈ بلوچ کالونی کا رہائشی تھا۔ شہید کانسٹیبل نوید کی رمضان المبارک میں بنائی گئی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے ۔ویڈیو پیغام میں کانسٹیبل نوید نے فرض کی خاطر جان کی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ دریں اثناء ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد شہر میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے۔