|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2017

کوئٹہ:وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ماحولیات، جنگلات وامور حیوانات عبیداللہ بابت نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ماحولیات کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے مفت شجرکاری مہم کے دوران ہسپتالوں،سرکاری اداروں، پبلک مقامات اور شہر کے گردونواح میں لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے تاکہ ماحول کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ ماحولیات حکومت بلوچستان اور وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے زیراہتمام ایک روزہ آگاہی ورکشاپ برائے مرکری (پارہ) کے مضر اثرات کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس آگاہی ورکشاپ میں سیکریٹری ماحولیات سجاد احمد، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات بلوچستان طارق زہری، جوائنٹ سیکریٹری وفاقی وزارت ماحولیات افتحارالحسن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی مشیر ماحولیات نے شرکاء کو ماحول کی تحفظ کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں اور شہر کے دیگر علاقوں میں کچرہ پھینکنے پر ذمہ داروں کے خلاف پوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مقررین نے شرکاء کو مرکری (پارہ) کے مضر اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا استعمال کاسمیٹکس میں عام طور پر کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ مقررین نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا خصوصاً مرکری (پارہ) کے استعمال کو روکنے کے لئے قوانین وضح کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام کو ان کے مضر اثرات سے بچایا جاسکے۔