|

وقتِ اشاعت :   January 20 – 2017

کوئٹہ: برصغیر پاک و ہند کے عظیم رہنماء ، رئیس الاحرار ، فخر افغان خان باچا خان کی 29ویں برسی آج منائی جائے گی ان کی برسی کی مناسبت سے کوئٹہ سمیت ملک اور بیرون ملک مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں فخر افغان خان عبدالغفار خان باچا خان کی شخصیت ان کی زندگی اور ان کی جدوجہد پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ اس سلسلے میں تعزیتی ریفرنسسز، سیمینارز، اجتماعات اور قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے فخر افغان باچا خان بیسویں صدی کے نمایاں عالمی رہنماؤں شامل تھے جنہوں نے پشتونوں کو اتحاد وا تفاق اور یکجہتی کا درس دیتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے اوائل جوانی سے جدوجہد شروع کی اورمرتے دم تک پرامن سیاسی جدوجہد کرتے رہے انہیں دنیا بھر میں امن کا سفیر بھی کہا جاتا تھا جنہوں نے انجمن اصلاح الافاغنہ اور دیگر سیاسی تحریکوں اور جماعتوں کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کرنے کے ساتھ ساتھ خدائی خدمتگاری کی عظیم تحریک بھی شروع کی جس سے انگریز سرکار کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑاان کی 29ویں برسی کی مناسبت سے آج دنیا بھر کی طرح کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان مابت کاکا کے مطابق فخر افغان باچاخان کی برسی کی مناسبت سے صوبے کے مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے آج ہم فخر افغان باچاخان بابا کی برسی ایسے حالات میں منارہے ہیں جب پوری دنیا کو تشدد سے خطرات لاحق ہوچکے ہیں جبکہ فخر افغان باچاخان نے آج سے سوا سو سال قبل اس صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے نہ صرف پشتونوں بلکہ تمام اقوام کو عدم تشدد کا درس دیا اور پوری زندگی عدم تشدد کی راہ پر چلتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کی موجودہ حالات میں پشتونوں سمیت تمام مظلوم و محکموم ا قوام کی بقاء اور ان کے تمام مسائل کا حل فخرا فغان باچاخان کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے اس وقت پشتون افغان جن حالات سے دوچار ہیں عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے بہت پہلے پشتونوں کو ان حالات سے باخبر کیا تھا آج پشتونوں کو انتہا پسندی ، رجعت پسندی ، دہشت گردی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے جن کامقابلہ اتحاد و اتفاق سے کیا جاسکتا ہے آج باچاخان بابا کی 29ویں برسی کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ، پشین، قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ ،ژوب ، شیرانی ، موسیٰ خیل ،لورالائی ، ہرنائی ، زیارت ، سبی ، جعفر آباد اور دیگر شہروں میں تعزیتی ریفرنسز اجتماعات و قرآن خوانی کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔