کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ ،قلات اور ژوب ڈویژن میں جاری بارش اور متوقع برفباری سے پیدا ہونے والی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جائے اور انہیں ہر ایک گھنٹے بعد رپورٹ پیش کی جائے جبکہ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنے علاقوں میں رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکل کا شکار نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ اضلاع میں اشیائے خوردونوش ، خیمے اور کمبلوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے لکپاس، کھڈ کوچہ، کوژک پاس، کولپور، کان مہترزئی اور کوئٹہ زیارت روڈ سمیت ایسی تمام شاہراہیں جن کا برفباری سے بند ہونے کا احتمال ہوسکتا ہے وہاں ضروری مشینری کے ساتھ عملہ تعینات رہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی ڈی ایم سے امدادی سرگرمیوں اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ گذشتہ شب سے مختلف اضلاع میں جاری بارش اور ہلکی برفباری سے ابھی تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور نہ ہی کسی ڈیم کے ٹوٹنے کی کوئی رپورٹ ہے تاہم ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کی رپورٹ کے مطابق بوغرہ کے مقام پر ندی میں ایک شخص پانی میں بہہ کر جاں بحق ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں مرتب کئے گئے ایکشن پلان کے تحت تمام متعلقہ اضلاع میں یونین کونسل کی سطح تک اشیائے خوردونوش،بچوں کی خوراک، خیمے اور کمبل پہنچادےئے گئے ہیں جو ایک ماہ کی ضروریات کیلئے کافی ہیں۔ کان مہترزئی، کوژک پاس، بولان پاس، لکپاس اور دیگر اہم مقامات پر بھاری مشینری کے ساتھ عملہ تعینات کردیاگیا ہے اس وقت صوبے کی تمام شاہراہیں اور لنک روڈ کھلے ہیں اور ٹریفک بحال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں آج شب سے بدھ کے روز تک کوئٹہ ژوب اور قلات ڈویژن میں برفباری کا 65فیصد امکان ظاہر کیاگیا ہے پی ڈی ایم اے صوبائی سطح پر جبکہ ڈویژنل کمشنر ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر ضلع کی سطح پر امداد اور ریسکیو کی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مربوط رابطے میں ہیں۔