|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ غیر ملکی میڈیا کی جاری کردہ دستاویزات سے ثابت ہو گیا کہ مریم نواز کمپنیوں کی مالکہ ہیں، حسن اور حسین نواز کا وکیل منی ٹریل بتائے، شریف کرپشن کے بادشاہ اور سچ چھپانے کے ماہر ہیں۔ عدالت عظمیٰ پر حملہ نہیں کرنے دینگے، جان دیکر قانون کی عملد اری یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وکیل کے بعد نواز شریف کے بیٹوں کے وکیل دلائل دیں گے لیکن ان کو عدالت کا وقت ضائع کرنے اور قوم کو گمراہی میں ڈالنے کی بجائے صاف صاف منی ٹریل کا بتانا چاہیئے کیوں کہ سچ سب کے سامنے ہے کہ اپارٹمنٹس کہاں ہیں اور کس کی ملکیت ہیں تو اس پر وقت ضائع نہ کیا جائے بلکہ صاف صاف بتایا جائے کہ پیسہ کہاں سے آیا؟ انہوں نے کہا کہ ICIJنے ایک نئی دستاویز جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز ہی کمپنیوں کی اصل مالکہ ہیں، شریف جتنے حربے استعمال کر رہے ہیں اتنا ہی وہ پھنستے جا رہے ہیں اب ان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ بلکہ سچ کے ثبوت سامنے آنے کے بعد اب توقع ہے کہ عدالت سے بہت جلد نواز شریف نا اہل ہو جائیں گے کیوں کہ ان کا جھوٹ اور کرپشن ثابت ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کا ٹولہ عدالت پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے ، وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے عدلیہ کو دھمکی دی ہے، ن لیگ کے ذمہ دار بتائیں کہ وہ عدلیہ پر اعتماد کرتے ہیں یا نہیں؟ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں چبانے کی کوشش نہ کریں ورنہ دانت ٹوٹ جائیں گے۔ ن لیگ کے رہنماؤں کے رویے سے صاف لگتا ہے کہ وہ عدلیہ پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں تاہم ہم ماضی کی طرح عدلیہ پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ عدالت عظمیٰ کی عزت و حرمت ، آئین اور قانون کی حفاظت اور اس پر عمل داری کو جان کی بازی لگا کر یقینی بنائیں گے۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران کو نوٹس جاری کرنے کے حوالے سے جھوٹ بولا اور عوام کو گمراہ کرنا چاہا لیکن یہ لاکھ کوشش کریں ان کو منہ کی کھانا پڑے گی، سچ کو چھپانے اور کرپشن کے بادشاہ جتنی کوشش کریں سچ سامنے آئے گا اور جھوٹ بے نقاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور اورنج لائن اور میٹرو منصوبوں پر اربوں خرچ کئے لیکن تعلیم اور صحت کے شعبے ابتر صورتحال کے شکار ہیں۔ غریب عوام کی زندگیاں اجیرن ہیں۔ ان کو بنیادی سہولیات اور حقوق نہیں مل رہے۔ لوگ فاقوں سے مر رہے ہیں اور حکمران بڑے بڑے منصوبے شروع کر کے اربوں لوٹ رہے ہیں لیکن ہم ان کا مکروہ چہرہ سامنے لائیں گے کیوں کہ تحریک انصاف عوام کی نمائندہ جماعت ہے جو ہر صورت ان کے جذبات کی ترجمانی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکموں کی کارکردگی ناقص ہے ۔ لوگ مر رہے ہیں لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ۔ ریلوے کے حادثات میں بے گناہ لوگ لقمہ اجل بنے لیکن سعد رفیق سمیت دیگر وزراء خود کو جواب دہ نہیں سمجھتے۔ نعیم الحق نے کہا کہ حکمرانوں کے کرتوت ان کے لئے مسائل پیدا کر رہے ہیں اور پانامہ لیکس نے شریفوں کا جینا محال کیا ہے امید ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرے گا اور لٹیروں کو نشان عبرت بنائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا کہ ائین پاکستان میں حاکمیت اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے اور تمام اختیارات امانت کے طور پر استعمال کر کے منتخب نمائندے اللہ تعالیٰ کے احکام نافذ کریں گے لیکن ہمارے وزیراعظم نے جھوٹ بول کر خود کو اقتدار سے محروم کر دیا ہے۔ گالی گلوچ بریگیڈ ثابت نہ کر سکے کہ وزیراعظم نے جھوٹ نہیں بولا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اقتدار میں رہنے کا اخلاقی و قانونی جواز کھو چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ن لیگی گھبراہٹ کا شکار ہیں اور اندر سے شکست کھا چکے ہیں۔دریں اثناء تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے اقتدار میں آکر آئی پی پیز کو 480ارب روپے دیئے ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے ، جنہوں نے مسلم لیگ (ن)کو الیکشن کیلئے فنڈنگ کی تھی ، ایک دن آئے گا ہمارے سیاسی مخالفین کے تمام راز کھلیں گے ،عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے نواز لیگ الیکشن کمیشن کے کیس کی بات کر رہی ہے،ہم پر الزامات لگانے والے اپنے معاملات میں الجھے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانامہ کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج مریم نواز کے وکیل نے واضح کہہ دیا ہے کہ مریم نواز فیئر فلیٹس کی مالک نہیں اور وہ خود مختار ہے جبکہ آئی سی آئی جے کہہ رہا ہے کہ مریم نواز ہی فلیٹس اور نیسکول کی اصل مالک ہے اور اگر پانامہ میں ان کا ذکر نہ آتا تو انہوں نے جائیداد تسلیم ہی نہیں کرتی تھی کیونکہ مریم نواز نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ نہ میری نہ میرے خاندان کے کسی فرد کی جائیداد باہر نہیں ہے پانامہ لیکس میں جس کے بھی نام آئے کسی نے اس کو چیلنج نہیں کیا اور نہ ہی شریف خاندان نے کیا اگر آئی سی آئی جے کی چیزیں مان لی جائیں تو ان کا کیس صفر ہے شریف خاندان نے تین چیزیں پیش کی گلف اسٹیل مل ، قطری خط اور ٹرسٹ ڈیل جبکہ یہ تینوں چیزیں جھوٹی ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے اپنے نام پر کچھ نہیں جبکہ بچے ارب پتی بن گئے سوال یہ ہے کہ بچوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا عدالت میں بتایا جائے کہ پیسہ نواز شریف کا ہے اور اس کو استعمال کرتے ہوئے بچوں کے نام پر اربوں کی جائیدادیں بنائی اور اگر وہ اس سے انکار کرتے ہیں تو یہ پیسہ ان کا نہیں ہے تو پھر بچوں کے پاس یہ اربوں ڈالر کہاں سے آئے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے جو دستاویزات فراہم کی گئی ہیں وہ ثبوت ہے کہ شریف خاندان نے قوم کا پیسہ لوٹا ہے اور پھر اسے چھپانے کیلئے وزیراعظم سمیت خاندان نے ایوان اور عوام کو جھوٹ بولا اور اب عدالت میں بھی جھوٹ پر قائم ہے لیکن آئی سی آئی جے نے ان کے جھوٹ کو بے نقاب کرکے جھوٹی دستاویزات کی دھجیاں اڑا دی ہے انہوں نے مزید کہا کہ کیس میں شریف خاندان کے رشتہ داروں سے سوال پوچھے جاسکتے ہیں اور ان سے انکوائری ہوسکتی ہے جس سے یہ بات سامنے آسکتی ہے کہ یہ پیسہ یا تو نواز شریف کا ہے جس نے اپنے بچوں کو دیا ہے لیکن اب مکر رہے ہیں اور اگر یہ نواز شریف کا نہیں تو پھر یہ پیسہ ان کے بچوں کا ہے جس سے ان کے نام پر جائیدادیں بنی مسئلہ یہ ہے کہ شریف خاندان ایک بھی بات ٹھیک سے نہیں کرپارہے ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں معاملات کی صورت میں شریف خاندان کی خاموشی اور سوالات کے جوابات دینے سے راہ فرار اختیار کرنے سے اس بات کو تقویت مل رہی ہے کہ دونوں صورتوں میں قوم کا پیسہ لوٹا گیا ہے اور خورد برد کرکے جعلی دستاویزات کے ذریعے حرام مال کو جائز بنانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن پانامہ دستاویزات سامنے آنے کے بعد کہانیاں گھڑی گئی لیکن اب برطانوی نشریاتی ادارے جرمن اخبار نے عدالت میں ان کے اپنائے گئے موقف کی دھجیاں اڑا کر حقیقت عوام کے سامنے لائی کہ فیرفلیٹس کی مالکن اور کمپنیو ں کی مالکن بھی مریم نواز ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قطری خط ٹرسٹ ڈیڈ سب فراڈ ہے لیکن شریف خاندان نے اپنی چوری چھپانے کیلئے یہ حربے استعمال کئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی نمائندہ جماعت ہے جس نے پہلی پولیٹیکل فنڈ رائزنگ کی لیکن قوم کو گمراہ کرنے اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے شریف ٹولہ الیکشن کمیشن کا سہارا لے رہا ہے لیکن ان کو منہ کی کھانی پڑے گی کیونکہ ہمارا فنڈ ریزنگ سسٹم شفاف ہے اور شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈنگ اوورسیز پاکستانی کرتے ہیں میرے خلاف سپیکر نے کیس بھیجا تو ہمارے وکیل نے الیکشن کمیشن میں دلائل مکمل کئے اور منی ٹرائل بھی دی میرا کیس صاف ہے لیکن غیر ملکی میڈیا نے جو ثبوت دیئے اور جس طرح عدالت میں شریف خاندان ذلیل و خ وار ہورہے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ اللہ پاک کی پکڑ میں آگئے ہیں اور انشاء اللہ عدالت عظمیٰ سے جلد نااہل ہوجائینگے