|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2017

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے یوٹیلٹی سٹورز پر گھی اور کوکنگ تیل کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام برانڈز کے گھی اور تیل کی کوالٹی رپورٹ دس دن میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جب تک عدالت کی تسلی نہیں ہو جاتی تب تک گھی اور تیل کی فروخت روکی جائے ، ٹیٹرا پیک ، پلاسٹک پاؤچ اور پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں پر بھی نوٹس لینگے۔ کیس کی سماعت منگل کے روز چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے یوٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری گھی اور تیل سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ یوٹیلٹی سٹورز کے وکیل مصطفیٰ رمدے نے یوٹیلٹی سٹورز پر موجود گھی اور تیل کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو زمینی حقائق ہیں وہ بتائیں ، رپورٹس والی تھیوری مت بتائیں، ہمیں اپنے اداروں پر بھروسہ ہے مگر انسانی حقوق کی خلاف ورزی برادشت نہیں ہوگی ، سنا ہے نمک کی قسم اجینو موتو انسانی صحت کے لئے شدید نقصان دہ ہے ، اجینو موتو نمک کے استعمال سے دل کے امراض اور بلڈ پریشر سمیت الرجی میں اضافہ ہوا ، پاکستان کوالٹی کنٹرول ریسرچ کرکے اجینو نوتو کے بارے میں رپورٹ جمع کرائے ، جب تک عدالت کی تسلی نہیں ہو جاتی تب تک گھی اور تیل کی فروخت روکی جائے ، کوالٹی کنٹرول کی رپورٹ آنے کے بعد یوٹیلٹی سٹورز کے گھی اور تیل کو تلف کے بارے میں فیصلہ کرینگے،چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ٹیٹرا پیک، پلاسٹک پاؤچ اور پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں پر بھی نوٹس لینگے، یہ پلاسٹک کی بوتلیں دھوپ میں پڑی رھتی ہیں تو وہ مضر صحت ہو جاتی ہیں،جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے کہ یو ٹیلٹی سٹورز پر غیر معیاری برانڈز کیوں فروخت کئے جارہے ہیں،سنی بناسپتی۔ انمول گھی۔ شمع تیل اور راج بناسپتی سب کہاں فروخت ہوتے ہیں، وکیل مصطفی رمدے نے دلیل دی کہ چھوٹے شہروں کے مقامی ایسیبرانڈز کے گھی اور تیل خریدنا پسند کرتے ہیں عدالت نے ملک بھر میں فروخت ہونے والے تمام برانڈز کے گھی اور تیل کی کوالٹی رپورٹ دس دن میں جمع کرانے کا حکم دیدیا اور پاکستان میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی موجودگی اور ان کے استطاعت کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ غیر معیاری گھی کی استعمال کی وجی سے بچوں میں دل کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہیاور یہ بات ان کو ڈاکٹرز کے ایک وفد نے ملاقات کے دوران بتائی تھی ، عدالت نے مقدمے کی سماعت دوہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔۔