کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور برف باری سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ موسمی شدت کے باعث پیدا ہونے والے مسائل ومشکلات عارضی ہیں، عوام صبروہمت سے ان کا سامنا کریں حکومت ان کے ساتھ ہے۔ باران رحمت سے صوبے کی معیشت اور عمومی انسانی زندگی پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر نقصانات کے سروے کے کام کے آغاز کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کی کارکردگی کو قابل اطمینان قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں سے لوگوں کو ریلیف ملا۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے سے تازہ ترین صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات معلوم کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ گذشتہ تمام شب کوئٹہ اور دیگر متعلقہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں اور ڈپٹی کمشنرز خود سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے۔ کوئٹہ شہر میں ریسکیو 1122 ، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور نوجوانان کوئٹہ تنظیم کی رضاکار پی ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کردہ ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعہ نشیبی علاقوں بشمول بلوچ کالونی، نواں کلی اور کلی کوتوال سے لوگوں کے گھروں اور دکانات میں جمع ہونے والا پانی نکالتے رہے جبکہ کنٹرول روم میں موصول ہونے والے ٹیلی فون کالز پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو گذشتہ شب 50خاندانوں کے لئے راشن، خیمے، سلیپنگ بیگز فراہم کردیئے گئے ہیں جنہیں متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کردیا گیا جبکہ آج مزید 500خاندانوں کے لئے امدادی سامان ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے سپرد کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ سمیت دیگر تمام اضلاع میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کہیں بھی کسی قسم کی ہنگامی صورتحال نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال میں اولین ترجیح انسانی جانوں کو بچانے کو دی جائے اور تمام متعلقہ ادارے ہر دم چوکس اور مستعد رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام وسائل عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ہیں اور ضرورت پڑنے پر امداد وبحالی کی سرگرمیوں کے لئے مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے۔