|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2017

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو فوری طور پر کوئٹہ شہر میں صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنانے کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جمعرات کی شام اچانک شہر کا دورہ کیا اور مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ کے اچانک دورے کا مقصد برف اور بارش کے بعد شہر کی صورتحال اور اس حوالے سے عوامی شکایات کا جائزہ لینا تھا اس موقع صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، محمد خان لہڑی اور رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ نے تجارتی مراکز کا دورہ بھی کیا اور لوگوں میں گھل مل گئے ، عوام کو وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں سے شہر کے مسائل کے بارے میں بھی بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ شہر کی صفائی کے ذمہ دار ادارے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے پابند ہیں اور ان اداروں کو اپنے فرائض کی صحیح معنوں میں ادائیگی کرنا ہوگی ۔ لوگوں بالخصوص بچوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں بعدازاں وزیراعلیٰ نے دفتر پہنچنے کے فوراً بعد کمشنرکوئٹہ ڈویژن کو طلب کیا اور انہیں ہدایت کی کہ آج رات سے شہر میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی اور نکاسی آب کے کام کا آغاز کیا جائے عملہ کو بمعہ مشینری فوری طور پر طلب کیا جائے اور انہیں صبح رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص ہے اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برت رہے ہیں جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا اور اب وہ خود صفائی کے کاموں کی نگرانی کریں گے اور کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف سختی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔