کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ملک کے مجموعی حالات کو بہتر بنانے کیلئے جمعیت علماء اسلام نے جو کردار ادا کیا ہے کہ وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے والوں نے بلوچستان کومزید پسماندگی کی طرف دھکیل دیا آئندہ انتخابات میں قوم کے نام پر سیاست کرنے والوں کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت چلائی جارہی ہے وہ ناکامی کی طرف جارہی ہے کیونکہ عوام کے مسائل حل نہیں ہورہے حالیہ بارشوں اور برف باری میں جو نقصانات ہوئے ہیں متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ لوگ شدید سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں حکمرانوں نے جس طرح عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ رکھا ہے اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں جمعیت علماء اسلام نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کرتی رہے گی اور جس نام پر قوم پرستوں کو اقتدار میں لایا گیا ہے کہ اب عوام ان سے بیزار ہو چکی ہے جمعیت علماء اسلام آئندہ انتخابات میں پشتون بلوچ قوم پرستوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرے گی عوام کیساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے ماضی میں جمعیت علماء اسلام نے حکومت میں رہ کر وفاق سے لڑائی کرکے صوبے کے حقوق حاصل کئے لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکمران وفاق سے صوبہ کے وسائل پر لڑنے کے بجائے اپنے ذاتی مفادات پر ترجیح دے رہے ہیں جمعیت علماء اسلام آئندہ انتخابات میں عوام کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کرے گی کیونکہ جمعیت صوبہ میں رہ کر عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں گے ۔