کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفباری کے بعد خون جما دینے والی سردی پڑنے لگی ،کوئٹہ میں پارہ منفی 6 ، قلات میں منفی10تک گرگیاجبکہ چمن میں بھی لوگوں کا باہر نکلنا دشوار ہوگیا ہے، پہاڑوں پر برف باری اور ہوا چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے مستونگ میں بارشوں کے باعث مکان کی چھت گرنے سے نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی برف باری کے باعث صوبے کے شمالی علاقوں کی اہم سڑکیں آمدورفت کیلئے بند ہوگئی گیس اور بجلی کی بندش اورپریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہاہے گیس پریشرمیں کمی کی وجہ سے گھریلوخواتین کو امورخانہ داری میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہاہے کوئٹہ کے مختلف علاقوں ریلوے کالونی ، موسیٰ کالونی ، خلجی کالونی ،پٹیل باغ ،غوث آباد سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں گزشتہ روز سے جاری بارش اور برف باری کا سلسلہ چمن سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے توبہ اچکزئی ،توبہ کاکڑی،کان مہترزئی ، ژوب اور زیارت سمیت صوبے کی بیشترشاہراہیں بندہونے کی وجہ سے عوام کو آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آرہی ہے ،کوژک ٹاپ پھسلن کے باعث بند ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہے اور مختلف علاقوں میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہونے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا شدید بارشوں اور برف باری کے باعث مستونگ کے علاقے کلی سورگز میں مکان کی چھت گرنے سے نوجوان لڑکی مسماۃ گل نساء جاں بحق ہوگئی نعش نکال کر ورثاء کے حوالے کردی گئی اسی طرح شدید برف باری کے باعث مسلم باغ اور کان مہترزئی میں روڈ بند ہونے کی وجہ سے ہرقسم کی ٹریفک معطل ہوگئی لیویز کی عملے نے بروقت ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر کارروائی کرتے ہوئے اتوار کی سہ پہر مذکورہ شاہراہ کو ٹریفک کیلئے برف ہٹا کر کھول دیاجبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ ایک دو روزتک بارش اور پہاڑوں تک برف باری کی پیشن گوئی کی گئی ہے گزشتہ روز چلنے والی تیز ہوا اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجمادسے گرنے کی وجہ سے درجہ حرارت منفی6جبکہ قلات میں منفی 10سیٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے ۔