کراچی:صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی بھرپور پیداوار شروع ہو چکی ہے جس سے ترقی کا عمل تیز ہو گا۔ آئندہ برس تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ قومی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔قوم ترقی کا راستہ روکنے والوں کو مسترد کردے۔آپریشن ضرب عضب،کراچی اور بلوچستان آپریشنز کامیابی تک جاری رہیں گے۔ملک میں اب کبھی دہشت گردی کا دور نہیں آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فوجی فرٹیلائزر کے بجلی گھر کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ بجلی گھر 118 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اوراس پلانٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ توانائی بحران کی وجہ سے زرعی شعبہ بری طرح متاثر ہوا اور ملک میں کھاد کی بھی قلت ہوئی لیکن اب حالات بہتر ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نجی ادارے بھی بجلی کی کمی پوری کرنے کے عمل میں شریک ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ فوجی فرٹیلائزر کے پلانٹ سے کراچی کے شہری بھی استفادہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے روایتی طریقوں کے علاوہ سورج ، کوئلے اور ایٹمی توانائی سے بھی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنائے ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ آئندہ برس بجلی کے بحران کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت نے ٹھوس منصوبہ بندی کی ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں اقتصادی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں۔حکومت زرعی شعبے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ حکومت نے کھاد اور گندم پر خصوصی رعایت دی ہوئی ہے جس سے کسان خوش حال ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس سلسلے میں قوم یکسو ہو جائے اور ترقی کا سفرروکنے والوں کو مسترد کر دے۔انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے فعال ہونے کے بعد ملک کی سیاسی اہمیت میں بھی اضافہ ہو گا۔ اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ترقی ستر کی دہائی سے متاثر ہوئی۔ جسٹس منیر کے فیصلے نے ملک کے لیے مسائل پیدا کیے۔ اسی طرح 1999کے بعد ملک کے پندرہ برس ضائع ہو گئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی اور فاٹا کے لوگ دہشت گردی سے بہت متاثر ہوئے لیکن اب حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں دوبارہ دہشت گردی کا دور نہیں آئے گا۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور کراچی اور بلوچستان میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور آ رہا ہے۔ اکنامک گروتھ 2019 تک 7 فیصد ہو جائے گی۔تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین کے خطاب سے پہلے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد نواز خان، مینیجنگ ڈائریکٹر،فوجی فانڈیشن اورلیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد ہارون اسلم، چیف ایگزیکٹو اینڈ مینیجنگ ڈائریکٹر، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سندھ کے نئے گورنر سندھ کراچی اور سندھ کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے آخر میں صدر مملکت ممنون حسین نے پلانٹ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے والے افسروں اور کارکنوں کو ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔