|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2017

کوئٹہ:چےئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید خان اچکزئی کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا، ٹاسک منیجر ورلڈ بنک شیر شاہ خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چےئرمین پی اے سی عبدالمجید خان اچکزئی نے کہا کہ د یگر صوبوں کی بہ نسبت بلوچستان کے ہر محکمے میں کرپشن میں کمی آئی ہے انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان کا پیسہ ہمارے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہو۔ ہمارا صوبہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں غربت اور پسماندگی کا زیادہ شکار ہے صوبے کی 80فیصد آبادی کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے گذشتہ چند سالوں کی خشک سالی کی وجہ سے ہمارے زیادہ تر دیہی علاقوں کی آبادی شہروں کی جانب منتقل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کو فعال نہیں کیاگیا ہے جبکہ ہم اپنے یہاں ہر محکمے کی کارکردگی کو چانچنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں بعض محکموں کی کارکردگی رپورٹس کی طلبی میں مشکلات درپیش ہیں۔ چےئرمین پی اے سی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے دی جائیں تاکہ ایک سے زائد نوکری کرنے کی روک تھام کی جاسکے اور تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع مل سکیں۔ اس موقع پر ٹاسک منیجر ورلڈ بنک شیر شاہ خان نے اجلاس کو بتایاکہ ان کا ادارہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے صوبے میں شفافیت کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تربیت اور ان کی استعداد بڑھانے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے تاکہ صوبے کے تعلیم یافتہ نوجوان مختلف شعبوں میں بہتر طور پر خدمات سرانجام دینے کے قابل ہوں چےئرمین پی اے سی عبدالمجید اچکزئی نے ورلڈ بنک کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا ہے۔