|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2017

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف نے بلوچستان میں مردم شماری ملتوی کرنے کی وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو کی تجویز مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ مردم شماری شیڈول کے مطابق ہوگی تاہم اگر کسی کے تحفظات ہیں تو وہ ضرور دور کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر حاصل خان بزنجو نے تجویز دی کہ بلوچستان میں مردم شماری ایک سال کیلئے ملتوی کی جائے کیونکہ بڑی تعداد میں افغان مہاجرین نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھے ہیں جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام کو تحفظات ہیں جس پر وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ نادرا نے ہزاروں کی تعداد میں جعلی شناختی کارڈ منسوخ کیے ہیں اور یہ عمل جاری ہے،وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت مارچ میں مردم شماری کرانا لازمی ہے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں اور پاک فوج نے بھی 2لاکھ فوجی اہلکار سول انتظامیہ کی مدد اور معاونت کیلئے مختص کردیئے ہیں لہذا مردم شماری کو کسی صورت ملتوی نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔(خ م+ط س)