|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2017

کوئٹہ: غیر معیاری ادویات بنانے اور فروخت کرنے کے مقدمات میں نامزد ادویہ ساز کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ،پروڈکشن انچارج ،کوالٹی کنٹرول انچارج سمیت ژوب کے ایک میڈیکل سٹور کے مالک کے ڈرگ کورٹ کوئٹہ نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں یہ حکم ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے گزشتہ روز غیر معیاری ادویات بنانے اورانہیں مارکیٹ میں فروخت کرنے کے مقدمات میں نامزد کمپنی میڈی پاک کے منیجنگ ڈائریکٹر ناصر جاوید چوہدری ،پروڈکشن انچارج محمدطارق شیخ ،کوالٹی کنٹرول انچارج طفیل احمد کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران دیا ،مذکورہ کمپنی کے مقدمات میں نامزد تینوں ملزمان پر غیر معیاری ادویات بنانے اور انہیں مارکیٹ میں فروخت کرنے کا الزام ہے اسی لئے گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے جج نے کمپنی کے مقدمات میں نامزد ملزمان منیجنگ ڈائریکٹر ناصر جاوید چوہدری ،پروڈکشن انچارج محمدطارق شیخ ،کوالٹی کنٹرول انچارج طفیل احمد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔ایک اور مقدمے میں معزز عدالت کے جج نے امین میڈیکل سٹور ژوب کے جمعہ رحیم کے بھی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر معیاری ادویات کے فروخت کی شکایات پر محکمہ صحت کے ٹیموں کی جانب سے حال ہی میں کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں جن کے دوران کوئٹہ کے وسطی علاقے میں بھی ایک کارروائی کے دوران 60لاکھ روپے سے زائد کے جعلی ادویات کی برآمدگی کاانکشاف ہواتھا جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہ بھرتی جائے اوران کے خلاف بھرپورکارروائی عمل میں لائی جائے ۔