|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ سمیت تین اضلاع میں پولیو کی پانچ روزہ خصوصی مہم کل سے شروع ہو رہی ہے۔ جس میں پانچ سال سے کم عمر کے ساڑھے سات لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کوآر ڈیننٹر سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ کوئٹہ ،پشین اور قلعہ عبد اللہ میں پولیو وائرس موجود ہونے کی تصد یق کے بعد تینوں اضلاع میں خصو صی طور پر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ان تین اضلاع کی113یونین کونسلز میں پانچ روز تک پولیو سے بچاؤ کی مہم چلائی جائے گی ۔خصو صی مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے سات لاکھ اکتالیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے ۔انسداد پولیو کے حوالے سے اس خصوصی مہم میں پولیو کی 3054ٹیمیں حصہ لینگی ۔جن میں فکسڈ سائٹس 196،ٹرانزٹ پوائنٹس 362جبکہ انکے علاوہ 2496موبائل ٹیمیں بھی شامل ہونگی ۔سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی ننھے بچوں کے لیے خطرے کی علامت ہے جس کی وجہ سے بار باردمہم چلائی جا رہی ہے تاکہ پولیو وائرس کے خلاف بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھایا جا سکے اور انہیں معذوری سے بچایا جا سکے۔ پانچ روزہ پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی کے انتظامات بھی فول پروف ہونگے ۔سید فیصل احمد نے کہا کہ پولیو کیخلاف مہم میں والدین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔علماء کرام اس ضمن میں خصوصی طور پر اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرے کو پولیو سے مکمل پاک کر کے اپنی آنیوالی نسلوں کو اپاہج ہونے سے بچایا جاسکے ۔ اس ضمن میں ہم میڈیا سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ انسداد پولیو مہم میں ہمارا ساتھ دیں۔