|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2017

کوئٹہ:تربت اور قلات سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ لیویز کے مطابق تربت کے علاقے شاپک سے لیویز فورس کو ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے ۔ مقتول کی شناخت اصغر ولد حامد کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع کیچ کے علاقے ہوشاب سامی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کو کالعدم تنظیم نے تین ماہ قبل اغوا کیا تھا۔ ادھر قلات کے علاقے کلی سمندر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت میر جان ولد غوث بخش کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق میر جان کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے،تربت میں حادثاتی طور پر گولی چل جانے سے ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق لانس نائیک خیال کریم تربت سے 80کلو میٹر دور ایف سی 126ونگ کی مجاہد پوسٹ پر تعینات تھا جہاں جی تھری رائفل حادثاتی طور پر چل گئی۔ گولی سینے پر لگنے سے خیال کریم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس سے دو ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کی تحصیل ہوشاب میں ہیروک کے مقام پر نامعلوم افراد نے ایف سی کی چیک پوست پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو اہلکار لانس نائیک نعیم ولد انگور خان سکنہ میانوالی اور سپاہی ہاشم ولد میدا خان سکنہ میانوالی زخمی ہوگئے۔ نعیم کو پیٹ اور بائیں میں گولی لگی ہے جبکہ سپاہی ہاشم کو پہاڑ سے گرنے کی وجہ سے پاؤں پر زخم آئے ہیں ۔ دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا،پنجگور میں نا معلوم شرپسند وں کی جانب سے راکٹ فائر ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کی شب پنجگور کی تحصیل پروم میں نا معلوم شرپسند وں کی جانب سے قریبی پہاڑیوں سے شہر پر راکٹ فائر کیا گیا جو ایف سی پبلک سکول کے قریب میدان میں زوردار دھما کے سے پھٹ گیا تاہم واقع میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فورسز نے علاقے کو گھیر ے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔