|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2017

لسبیلہ:گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پورے خطے کے لئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ اس میگا پروجیکٹ کے تحت 50بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری یقینی طور پر ہمیں ترقیاتی جمود سے باہر نکال دے گی جس کا ہم سردست سامنا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے دوسرے کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی پرنس احمد علی بلوچ، وائس چانسلر تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی،ڈی آئی جی پولیس قلات رینج احسان منظور، لسبیلہ بار ایسوسی ایشن کے رہنما وسول سوسائٹی کے علاوہ والدین اورطلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سی پیک بلوچستان کے عوام کی دہلیز تک خوشحالی لانے، روزگار کے وسیع مواقعوں میں اضافہ، خدمات کے شعبے میں بہتری لانے اور تجارتی نقل وحمل میں ترقی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر یقین کا اظہار کیا کہ اس منصوبے کو بار آور بنانے کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی میں لسبیلہ یونیورسٹی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مذکورہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ بلوچستان 700کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر واقع ہے اور ان ذخائر ووسائل سے مکمل استفادہ کرنے اور وسائل کو درست طریقے سے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ اس ضمن میں لسبیلہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات ان وسائل ومعدنیات کو ملک وقوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فوڈ سیکیورٹی، موسمی تغیر، مسلسل خشک سالی، غربت اور کثرت آبادی جیسے چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے طلباء وطالبات اپنی اہلیت اور صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں۔ گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں سے ایک کامیاب کانووکیشن کے انعقاد کو سراہا اور گریجویٹس کو ڈگری کے حصول پر مبارکباد دی۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ محنت، اعلیٰ اخلاقی اقدار، سچائی اور دیانتداری کے اصولوں پر کاربند رہ کر ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار اداکریں۔ اس سے قبل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر علی دوست بلوچ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی کارکردگی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں گورنر بلوچستان نے لسبیلہ یونیورسٹی کے 300 فارغ التحصیل گریجویٹس میں ڈگریاں جبکہ 13گریجویٹس میں گولڈ میڈل تقسیم کئے۔