|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2017

زیارت:ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل کی زیر نگرانی وزیر اعلی بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات اور ہدایات کی روشنی میں ضلع زیارت میں جعلی ادویات فروخت اور بغیر لائسنس کے میڈیکل چلانے والوں اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا گیا ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے کہا کہ ضلع زیارت میں غیر قانونی میڈیکل چلانے والے اور غیر قانونی ،غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جارہی ہے ،سنجاوی اورزیارت میں بغیر لائسنس اور جعلی میڈیکل سٹور سیل کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات فروخت کرنا ناقا بل معافی جرم ہے ،اس کاروبار سے وابستہ افراد کو سخت سزا دیں گے اور ان کو انجام تک پہنچائیں گے،کیونکہ یہ گھناؤنا کاروبار کرنے والے قوم اور ملک کے دشمن ہیں۔ سنجاوی اور زیارت میں جعلی ادیات اورعطائی ڈاکٹروں کے خلاف مکمل کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے کہ جعلی میڈیکل سٹورسیل کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہاکہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کسی بھی ر عایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،طب کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے اس سے وابستہ لوگ عوام کے لیے مسیحا کا کردار کریں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سنجاوی اور زیارت میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے اہلکار اپنی ڈیوٹیوں کو لگن اور ایمانداری سے ادا کریں ،فرائض میں غفلت کرنے والے اہلکاروں کے خلا ف قانون کے مطابق کاروائی کریں گے ،تعلیم اور صحت اہم شعبے ہیں ان دونوں شعبوں پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔