|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2017

کو ئٹہ:سیکرٹری زراعت عبدالرحمن بزدار نے کہاہے کہ زراعت وزرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ متعلقہ کسان کو بروقت سستی اورمعیاری کھاد کی فراہمی کوممکن بنایاجائے۔یہ بات انہوں نے فوجی فرٹیلائزرز کمپنی پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے ہیڈآف سیلز ساؤتھ زون سہیل افضل کیانی،ڈائریکٹرجنرل زراعت وتوسیعی مسعوداحمدبلوچ،ڈائریکٹرجنرل عبدالوہاب کاکڑ کے علاوہ متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہاکہ صوبے میں جتنے بھی فرٹیلائزرڈیلرز کام کررہے ہیں ان کی ترتیب کے بارے میں محکمہ زراعت کو مکمل آگاہی حاصل نہیں،کیونکہ کمپنی ڈیلر اپنے کوائف صحیح طورپرفراہم نہیں کرپارہے۔اس طرح کے باہمی روابط سے محکمہ زراعت زرعی کمپنیوں کی تفصیلات اوراہم مواد کی جانچ پڑتال اورآگاہی حاصل ہوسکے گی ،اس طرح زرعی شعبہ میں خاطرخواہ بہتری لانے میں مدد مل سکے گی۔انہوں نے کہاکہ سبسڈی والی کھادصرف کوئٹہ میں فراہم کی جارہی ہے جبکہ کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ مستند ڈیلرحضرات کے ذریعے کھاد کی فراہمی اوربہترترسیل کو ممکن بنائیں جس پرفرٹیلائرز کے وفدمیں شامل افراد نے اس پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔