|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2017

کو ئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ دیا گیا، قائم مقام گورنر و اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، صوبائی سیکریٹریوں اور دیگر حکام نے ظہرانے میں شرکت کی، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ ایک برس کے دوران ہم نے بیوروکریسی کے ساتھ ایک ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے صوبے کے بہت سے مسائل کے حل میں کامیابی حاصل کی ، چیف سیکریٹری سیف اللہ چٹھہ کی سربراہی میں بیوروکریسی نے صوبے کی سیاسی قیادت کے ترقیاتی وژن کوعملی جامع پہنانے میں بھرپور ساتھ دیا، جس کا کریڈٹ چیف سیکریٹری سیف اللہ چٹھہ کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ خندہ پیشانی کے ساتھ مخلوط حکومت کی معاونت کی اور حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں طور پر ساتھ لے کر چلے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے جو کامیابیاں حاصل کیں ان میں سیف اللہ چٹھہ کا بھی بہت بڑا کردار رہا ہے امید ہے وہ بحیثیت ممبر نیپرا بلوچستان کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، وزیراعلیٰ نے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، قبل ازیں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ انہیں اس بات کا اطمینان ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں احسن طریقے سے اپنے فرائض کی انجام دہی کی اور انہیں وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کا اعتماد حاصل رہا ا ور انہوں نے ہمیشہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی پالیسی گائیڈ لائن کے تحت کام کیا، چیف سیکریٹری نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیئرئیر کا آغاز بلوچستان سے کیا جس سے انہیں اپنے کیئرئیر میں آگے بڑھنے کی مضبوط بنیاد ملی اس لیے وہ خود کو ہمیشہ بلوچستان کا افسر سمجھتے ہوئے بلوچستان کی روایات اور قیادت کا دل سے احترام کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چیلنجز کے ساتھ ساتھ ترقی کے مواقع بھی موجود ہیں ، بلوچستان اس وقت انتہائی اہم دور سے گزر رہا ہے نئے منصوبے آرہے ہیں، ان سے سیاسی استحکام اور امن و امان میں بہتری کی امید ہے ۔ انشاء اللہ بلوچستان میں آنے والا دور امن و سلامتی اور ترقی کا دور ہوگا، انہوں نے کہا کہ بحیثیت ممبر نیپرا وہ ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے چیف سیکریٹری سیف اللہ چٹھہ کو شیلڈ ، قلم ، بلوچی ٹوپی اور روایتی قالین کا تحفہ دیا گیا۔