کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے خلاف ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد سے آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو تسلسل ملے گا، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں آپریشن رد الفساد کی کامیابی کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریگی اور پولیس ،لیویز اور انتظامیہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہونگے جبکہ سیکورٹی فورسز کو صوبے کے عوام کی مکمل تائید و حمایت حاصل رہے گی، وزیراعلیٰ نے آپریشن رد الفساد کے آغاز کو سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی کی صورت میں درپیش چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے ، دہشت گردی کے واقعات کو روکنے اور ان میں ملوث اندرونی اور بیرونی عناصر اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں آپریشن رد الفساد اہم اور فیصلہ کن پیش رفت ثابت ہوگا، وزیراعلیٰ نے آپریش رد الفساد کے تحت ملک دشمن عناصر کے خلاف لورالائی کے قریب سیکورٹی فورسز کی کامیاب کاروائی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لیے اب کوئی جائے پناہ نہیں رہے گی ہر جگہ ان کا پیچھا کر کے ان کا اور انکے ٹھکانوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔