زہری:کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی ، ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمعداد خان مندوخیل نے کہاہے کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے ۔ تعلیمی اداروں کا قیام ، صحت کے مراکز، مواصلات کے نظام کی درستگی پینے کے صاف پانی کی فراہمی بجلی کی ترسیل سمیت دیگر شعبوں پر کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ عوام کی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں مزید فنڈز مہیا کرکے عوام کے اجتماعی مسائل کے حل پر خرچ کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل زہری میں کھلی کچھری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین تحصیل زہری میر فرید زہری ، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء میر فیصل زہری ودیگر آفیسران اور عوامی نمائندوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس سے قبل عوام نے اپنے بنیادی مسائل فرداً فرداً بیان کئے ۔ بعض مسائل کے حل کے لئے کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خضدار نے فوری طور پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔ جب کہ دیگر مسائل کوآئندہ چند روز میں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ کمشنر قلا ت ڈویژن نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت عوام کے اجتماعی کاموں کو فوقیت دیکر ان پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے ۔ تحصیل زہری میں ڈیمز بن رہے ہیں ، تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جارہاہے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے بڑے پیمانے پر اسکیمات لگائی جارہی ہیں ، پورے علاقے میں سڑکوں کا جال بچھانے اور صحت کے مراکز و تعلیمی اداروں کے قیام پر بھی ایک خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے ۔ جب کہ بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے تمام محکموں میں آسامیاں تخلیق کی جارہی ہیں ۔ حکومت عوام کی امنگوں کے مطابق ان کے مسائل کا احاطہ کرکے فنڈز فراہم کررہی ہے اس کے لئے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ اسکیمات کو بروقت مکمل کریں تاکہ عوام ان اسکیمات سے فائدہ اٹھائے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ نے کہاکہ آفیسران اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھ کر فرائض سرانجام دیں۔