|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2017

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے مرحلے کے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں حاصل کرلیا۔ احمد شہزاد اور اسد شفیق نے 105 رنز کا شاندار اور جارحانہ آغاز فراہم کیا دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچری بنائی، احمد شہزاد 54 اور اسد شفیق 51 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تاہم کیون پیٹرسن بغیر کوئی رنز بنائے واپس پویلین لوٹ گئے جب کہ روسوو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز 19 اور محمد اللہ 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے سہیل خان نے 2 اور اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا تو کراچی کنگز کی جانب بابر اعظم اور کماراسنگاکارا نے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا ، بابر اعظم 36 اور سنگاکارا نے 28 رنز بنائے جب کہ کرس گیل نے بھی انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 29 رنزبنائے، شعیب ملک 9، پولاڑد 31 اور بھوپارا ایک رنز بناسکے۔ کوئٹہ کی جانب سے محمد اللہ نے 3، انور علی نے 2 اور میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے اب تک کے لیگ میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 میں سے 3 میچز جیت کر7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جب کہ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے6، 6 پوائنٹس تاہم بہتر اوسط کی بنا کر لاہور دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ 5 پوائنٹس کے ساتھ پشاور زلمی چوتھے جب کہ4 پوائنٹس کی حامل کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر ہے۔