|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2017

کراچی: پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ(پی پی ایل) بلوچستان فٹبال کپ2017 کاآغاز10 مارچ کوہونے جارہا ہے۔جس کے ضلعی سطح پر ہونے والے میچز صوبے کے چھ ڈویژنز ۔کوئٹہ ، قلات، مکران، سبّی، ژوب اور نصیر آباد میں کھیلے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 35 ٹیمیں 10 تا18 مارچ کے دوران راؤنڈ میچز میں حصہ لیں گیں جس کے بعد 20 مارچ کو فائنل راؤنڈ شروع ہو جائے گا۔سیمی فائنلز 31 مارچ کوجبکہ فائنل میچ2اپریل کوصادق شہید فٹبال اسٹیڈیم(مالی باغ)، کوئٹہ میں کھیلے جائیں گے۔پی پی ایل کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے کہا” پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ 2016 کی کامیابی کے بعد ہم بلوچستان کی عوام سے کئے گئے اپنے وعدے کے مطابق اس کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کررہے ہیں۔ طویل مدت سے مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں رہنے کے اپنے عہد پر کاربند رہتے ہوئے ہمار امقصد ہے کہ ہم فٹبال کپ سریز کا انعقاد کرکے مقامی نوجوانوں کوصحت مندتفریح کے مواقع فراہم کریں”۔ پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اورٹورنامنٹ کے سفیر، محمد عیسیٰ خان نے ٹورنامنٹ 2016 کی کامیابی کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ” پی پی ایل بلوچستان فٹبال کپ نے بلوچستان میں اس کھیل کو پھر سے جلا بخشی ہے،جہاں ایک طویل عرصے کے بعدبڑے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا” ۔ سابق قومی فٹبالرز نصراللہ خان، شیر علی، سعداللہ، محمود اور زاہد حمید بھی ٹورنامنٹ کے سفیر ہیں۔ٹورنامنٹ کا انعقاد حکومتِ بلوچستان، پاکستان فٹبال فیڈریشن اور بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔پی پی ایل، ضلعی سطح پر اور فائنل راؤنڈ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو پرکشش مراعات فراہم کرے گی۔ساتھ ہی دیگر اخراجات کے علاوہ کمپنی کھلاڑیوں کو اسپورٹس کٹ بھی مہیا کرے گی تاکہ تمام علاقو ں سے کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو ممکن بنایا جا سکے۔