کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ، ممبران ارسلا خان اور گل عالم نے غیر معیاری ادویات کے خرید و فروخت میں ملوث فارماسوٹیکل کمپنیوں اور متعدد میڈیکل سٹورز کے مالکان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیدیئے ہیں بلکہ مختلف میڈیکل سٹورز مالکان پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی ۔ گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ، ممبران ارسلا خان اور گل عالم کے سامنے فارماسوٹیکل کمپنی شریکس فارما ،انکار فارما ، میڈی میکر فارما اور سٹی مارکیٹنگ سمیت ہمنوا میڈیکل سٹور ، امین میڈیکل سٹور ، احسان میڈیکل سٹور ، رحمان میڈیکل سٹور ، عمران میڈیکل سٹور ، غلام نبی میڈیکل سٹور ، بسم اللہ میڈیکل سٹور ، سپر سلمان میڈیکل سٹور ، قدرت اللہ میڈیکل سٹور ، رحمت میڈیکل سٹور ، رضوان میڈیکل سٹور ، عبداللہ میڈیکل سٹور و دیگر کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی جس کے دوران ڈرگ کورٹ کے چیئرمین اور ممبران نے میڈی میکر فارما کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد علی شیخ ، پروڈکشن انچارج منصب قریشی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیئے جبکہ عدالت نے ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام محمد توفیق اور جاوید ڈانڈیہ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیئے اس کے علاوہ احسان میڈیکل سٹور کے احسان اللہ ، امین میڈیکل کے جمعہ رحیم ، قدرت اللہ میڈیکل کے قدرت اللہ ، رحمت اللہ میڈیکل سٹور کے رحمت اللہ ، عبداللہ میڈیکل سٹور کے عبداللہ ودیگر پر فرد جرم بھی عائد کردی گئی اور انہیں مختلف رقوم کی ضمانت جمع کرنے کے احکامات دیئے گئے اس کے علاوہ عدالت نے عمران میڈیکل سٹور کے کیس کے ڈرگ انسپکٹر کی دبئی جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انکار فارما کے منیجنگ ڈائریکٹر علی عباس ، پروڈکشن انچارج اکبر ، کوالٹی کنٹرول انچارج صفدر عالم کے خلاف کاروائی کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ مفرور ملزمان کے خلاف زیر دفعات 87, 88 کے تحت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کے اشتہارات اخبارات میں مشتہر کئے جائے ۔ ڈرگ کورٹ کوئٹہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو مراسلہ جاری کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ مراسلہ کے ذریعے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آبادکو مذکورہ کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کرنے کے لئے احکامات دیں اس کے ساتھ ساتھ ڈرگ کورٹ کی جانب سے بلوچستان ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھی بذریعہ مراسلہ حکم دیا گیا کہ وہ طوغی روڈ پر واقع مذکورہ کمپنی کے ڈسٹربیوٹر کے خلاف کاروئی عمل میں لائیں۔ عدالت نے ہمنوا میڈیکل سٹور کے محمد شاہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اس کے ساتھ عدالت نے بسم اللہ میڈیکل سٹور کے مالک کو ضمانت جمع کرانے کا آخری موقع دیا اور ساتھ ہی سپر سلمان میڈیکل سٹور کے نیک محمد اور رضوان میڈیکل سٹور کے مالک کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیدیئے ہیں بعد ازاں کیسز کی سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کردی گئی ۔