|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2017

کوئٹہ : صوبائی وزیر ریونیوشیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ سابق سینئر ایم بی آر نے لینڈ مافیا کے ساتھ ملکر اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین جعلی کاغذات و دستاویزات پرکرپٹ عناصر کو الاٹ کردی ہے انہوں نے نیب سمیت تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ ریونیو میں ہونے والی اس اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث سابق سینئر ایم بی آر سمیت تمام لوگوں کو فوری طور پر گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سابقہ سینئر ایم بی آر نے لینڈ مافیا اور کچھ با اثر لوگوں کے ساتھ ملکر میری غیر موجودگی میں کوئٹہ اورگوادر میں کرپٹ لوگوں کو جعلی کاغذات پر 5ارب روپے سے زائد کی سرکاری زمین الاٹ کردی ہے جو بلوچستان میں ایک اور میگاکرپشن ہے لہذا نیب سمیت تمام متعلقہ ادارے فوری طور پر اسکا نوٹس لیں اور سینئرایم بی آر سمیت میگاکرپشن میں ملوث دیگر لوگوں کو گرفتارکرکے انکے خلاف احتساب عدالتوں میں مقدمات دائر کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ سینئر ایم بی آر نے اپنے ٹرانسفر سے ایک ہفتہ قبل کوئٹہ اور گوادر میں سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی جسکی مالیت اربوں روپے بنتی ہے جعلی کلیمز اور کاغذات پر لینڈ مافیا کے لوگوں کوالاٹ کی ہے اور جہاں تک مجھ سے ممکن ہوسکا میں اس الاٹمنٹ کو کینسل کروانے کی بھر پور کوشش کروں جبکہ اس سے متاثرہ لوگوں نے بلوچستان ہائیکورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے اور مجھے امید ہے کہ عدالت عالیہ انصاف کا بول بالا کریگی اور بھرپور انصاف کرتے ہوئے اس غیرقانونی الاٹمنٹ کو منسوخ کرنے کے احکامات صادر کریگی ۔انہوں نے نیب سمیت تمام متعلقہ اداروں اورخصوصاوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان میں ہونے والے ایک اور میگاکرپشن کا نوٹس لیں اور فوری طورپرغیرقانونی طور پر ہونے والی الاٹمنٹ کو منسوخ کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے اس میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کریں۔