کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت پرچیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر کی زیرصدارت صوبے میں مردم شماری کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ ، ڈویژنل کمشنروں ،سدرن کمانڈکے افسران ، پولیس، ایف سی اور انتظامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی کمشنر مردم شماری پسند خان بلیدی نے اجلاس کو مردم شماری سے متعلق امور اور اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مردم شماری کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ صوبائی کمشنر نے انتظامات کے حوالے سے چند ایک مسائل کی بھی نشاندہی کی۔ چیف سیکریٹری بلوچستان نے مردم شماری کے انعقاد کے حوالے سے تیاریوں اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کئے گئے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبے میں صاف وشفاف اور غیرجانبدارانہ مردم شماری کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت کے مطابق صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور مردم شماری کے عمل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو مردم شماری میں مستعد اور فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ۔ دریں اثناء چیف سیکریٹری بلوچستان کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں انسداد پولیو مہم سے متعلق امور اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ بلوچستان سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں اور معاشرے کا ہر فرد پولیو وائرس کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے تاکہ صوبے اور ملک کو اس موذی مرض سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کریں گے اور پولیو کے حوالے سے ہر ماہ میٹنگ کریں گے۔