|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2017

کوئٹہ: ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں ملیریا کے مرض پر قابو پانے اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے نیشنل ملیریا کنٹرول ڈائریکٹریٹ احسن انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے اور ملیریا کو قابو میں رکھنے میں ادارے کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ یہ بات انہوں نے نیشنل ملیریا کنٹرول ڈائریکٹریٹ کے تحت منعقدہ صوبے میں 18اضلاع کے پروگریس ریویو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں نیشنل پروگرام برائے تدارک ملیریا ڈائریکٹریٹ کے پروفیشنل کوآرڈینیٹر بلوچستان ڈاکٹر سرمد سعید خان، پروفیشنل ملیریا کنٹرول پروگرام بلوچستان ڈاکٹر شاہ محمد، سینئر فنانس منیجر کاشف، تمام متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل ملیریا کنٹرول ڈائریکٹریٹ کے پروفیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سرمد سعید خان نے بتایا کہ ڈائریکٹریٹ آف ملیریا اپنے مالی معاونت فراہم کرنے والے گلوبل فنڈ کے تحت صوبے کے 18اضلاع میں مفت علاج، تشخیص اور مچھر دانیوں کی تقسیم اور متعلقہ شعبے سے وابستہ لوگوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے متعلقہ اضلاع میں2016ء میں تقریباً آبادی میں 652578 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جبکہ اگر تناسب دیکھیں تو آبادی میں ہر 1000میں آٹھ افراد ملیریا کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں اور یہ مرض ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کے اعدادوشمار میں سینے اور گلے کی بیماریوں کے بعد دوسرا سب سے بڑا مرض تصور کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ڈائریکٹریٹ نے مالی سال 2016ء میں تقریباً 566961مچھر دانیاں تقسیم کیں جبکہ متعلقہ اضلاع میں ملیریا سے بچاؤ کے لئے اسپرے بھی وقتاً فوقتاً کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری صحت نے نیشنل ملیریا کنٹرول ڈائریکٹریٹ کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی جبکہ ہدایات دیں کہ وہ مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے نظام کو مزید فعال بنائیں۔