افغانستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کل 1779 رنز اسکور کرکے ہندوستان کے ویرات کوہلی اور پاکستان کے عمر اکمل کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرنے والے محمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
شہزاد نے اب تک 58 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کی ہے، جن میں انہوں نے 32.34 کی اوسط سے 1779 رنز اسکور کیے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 136.84 ہے۔
شہزاد کو ویرات کوہلی سے آگے نکلنے کے لیے محض 2 رنز درکار تھے، آئرلینڈ کے خلاف ہندوستان میں جاری 3 میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں شہزاد 72 رنز اسکور کر کے نہ صرف ویرات کوہلی سے آگے نکل گئے بلکہ اپنی ٹیم کو فتح سے بھی ہمکنار کیا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک سب زیادہ رنز نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برنڈن میک کلم کے ہیں، جنھوں نے 71 بین الاقوامی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 35.66 کی اوسط سے 2140رنز اسکور کیے، میک کلم واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے مختصر دورانیے کی کرکٹ میں 2 ہزار سے زائد رنز اسکور کر رکھے ہیں۔
دوسرے نمبر پر سری لنکا کے تلکرتنے دلشان ہیں جنہوں نے 80 میچوں میں سری لنکا کی جانب سے 1889 رنز اسکور کیے۔
اس فہرست میں پاکستان کے عمر اکمل 1690 رنز کے ساتھ چھٹے اور محمد حفیظ 1614 رنز کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کرنے والے 10 سرفہرست کھلاڑی
پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم ہیں، ان کے رنز کی تعداد 2140 ہے۔
دوسرے نمبر پر سری لنکا کے تلکرتنے دلشان ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1889 ہے۔
تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1806 ہے
چوتھے نمبر پر افغانستان کے محمد شہزاد ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1779 ہے۔
پانچویں نمبر پر بھارت کے ویرات کو ہلی ہیں، ویرات کے رنز کی تعداد 1709 ہے۔
چھٹے نمبر پر پاکستان کے عمر اکمل ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1690 ہے۔
ساتویں نمبر پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1686 ہے۔
آٹھویں نمبر پر جنوبی افریقہ کے جین پال ڈومینی ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1683 ہے۔
نویں نمبر پر پاکستان کے محمد حفیظ ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1614 ہے۔
دسویں نمبر پرانگلینڈ کے این مورگن ہیں، ان کے رنز کی تعداد 1568 ہے۔