|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2017

کوئٹہ: صوبے میں طبی سہولیات کی فراہمی میں ایف سی ہسپتال کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔ یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبدارؤف بلوچ ،ڈائریکر جنرل ہیلتھ سینئر ڈائریکٹر مسعود نوشیروانی کے ہمراہ ایف سی ہسپتال کے تفصیلی دورہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی ہسپتال کرنل ڈاکٹر اعجاز احمد نے انھیں ہسپتال کے تما م وارڈز کا تفصیلی دورہ کروایا اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی ہسپتال عام عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ جبکہ ہسپتال میں روزانہ کی بنیادوں پر 450مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی نہایت ہی قابل ٹیم خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ جس میں تما م امراض کا بخوبی علاج و معالجہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں چوبیس گھنٹے سٹاف، عوام الناس ،سیکورٹی اداروں و دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران کے علاج و معالجہ و طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری صحت و ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز نے ایف سی ہسپتال کے کمانڈنٹ کرنل ڈاکٹر اعجاز احمد کے ہمراہ نو تنصیب شدہ ڈی آر ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا اس موقع پر موجود حکام نے ایف سی ہسپتال کی ان کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مذکورہ نظام کی تنصیب سے مریضوں کو جدید ڈیجیٹل ایکسرے نظام کے تحت ایکسرے اور دیگر ٹیسٹ کروانے میں بے پناہ فائدہ حاصل ہو سکے گا۔بعد ازاں ایف سی ہسپتال کمانڈنٹ کرنل ڈاکٹر اعجاز احمد نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ایف سی بلوچستان لوگوں کے جان و مال کی حفاظت ، تعلیم کی فراہمی اور طبی سہولیات کی فراہمی میں ہمہ وقت خدمات سرانجام دیتا رہے گا۔